لاہور ،سانحہ قصور جیسے واقعات کی روک تھام کیلئے سخت قانون سازی ہونی چاہئے ، صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی

جمعرات 25 جنوری 2018 20:19

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 جنوری2018ء) سانحہ قصور جیسے واقعات کی روک تھام کیلئے سخت قانون سازی ہونی چاہئے ۔بچیوں کے ساتھ زیادتی و قتل بڑھتے ہوئے واقعات کی روک تھام کیلئے حکومت پنجاب کو سخت اقدامات کرنے چاہئیں۔بچیوں کے ساتھ زیادتی وقتل کے واقعات میں ملوث ملزمان کو سرعام پھانسیاں ملنی چاہئیں ۔بھارت عالمی دنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیر سے ہٹاناچاہتا ہے۔

افغانستان میں بھارتی خفیہ ایجنسیاں دہشت گردوں کے ساتھ مل کر پاکستان میں کارروائیاں کررہی ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی اور لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیوں کا مسئلہ حکومت پاکستان کو عالمی سطح پر جاندار طریقے سے اٹھانا چاہئے۔ کنٹرول لائن اور ورکنگ بائونڈری پر آئے روز بھارتی جارحیت یہ ظاہر کررہی ہے کہ بھارت خطے کا امن تباہ کرنا چاہتا ہے۔

(جاری ہے)

امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھائے افواج پاکستان اورپاکستانی قوم ہر قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب جانتے ہیں۔امریکہ اور بھارت کے جارحانہ عزائم کے مقابلہ کیلئے پوری قوم متحد ہے۔ زینب کے قاتلوں کو عبرتناک سزاملنی چاہئے۔ اسلام ۔دہشت گردی ، انتہاپسندی کے خاتمے کیلئے قومی بیانیہ پیغام پاکستان کو قانونی شکل دی جائے۔ نوجوان نسل کو اسلام کے نام پر گمراہی سے بچانے کیلئے پیغام پاکستان کو عوام تک پہنچانے کی ضرورت ہے۔

یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور ممبر اسلامی نظریاتی کونسل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے قصور میں پیغام رحمة اللعالمین ؐ وپیغام پاکستان کانفرنس اور پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر وائس چیئرمین مولانا حافظ شعیب الرحمن ،حافظ محمد طیب قاسمی،علامہ یونس حسن ،صدر پنجاب مولانا محمد امجد،مولانا محمد مشتاق لاہوری،ضلع قصور کے صدر مولانا رسال الدین آزاد،پیر حافظ محمد اسماعیل نقشبندی،مولانا ضیاء الرحمن فاروقی،میاں طلحہ ایڈووکیٹ ودیگر نے بھی خطاب کیا۔

چیئرمین پاکستان علماء کونسل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے کہا کہ لسانی،مذہبی اور علاقائی طورپر پاکستانی قوم کو تقسیم کرنے کیلئے ملک دشمن قوتیں سازشیں کررہی ہیں۔ اسلام اور پاکستان دشمن قوتوں کے مقابلے کیلئے اتحاد ویکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ اسلام اور مذہب کے نام پر انتشار اور فساد پھیلانے والوں کا متحد ہوکر مقابلہ کرنا ہوگا۔

پاکستان کی سرحدوں پر اس وقت شدید خطرات منڈلارہے ہیں ۔ملک دشمن قوتیں پاکستان کو دبائو میں لانے کیلئے ہر قسم کے ہتھکنڈے استعمال کررہے ہیں۔ پوری قوم یکجا ہوکر ملک دشمن قوتوں کواتحاد ویکجہتی کا پیغام دے۔ دہشت گردی کی اس جنگ میں پاک فوج،سیکورٹی اداروں کے جوانوں اور عوام نے اپنی جانیں قربان کی ہیں۔امریکہ افغانستان میں عبرتناک شکست کا بدلہ پاکستان سے لینا چاہتا ہے۔

بھارت پاکستان میں دہشت گردی کیلئے افغانستان میں موجود دہشت گردوں کی سرپرستی کررہا ہے۔ نیشنل ایکشن پلان اور آپریشن رد الفساد کے ذریعے افواج پاکستان نے ملک سے دہشت گردوں کا خاتمہ کیا ہے۔ پاک فوج،سلامتی کے ادارے وطن عزیز کا دفاع اور تحفظ کرنے کی بھر پور صلاحیت رکھتے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سانحہ قصور جیسے واقعات کی روک تھام کیلئے قانون سازی ہونی چاہئے تاکہ بچیوں کے ساتھ زیادتی و قتل کے واقعات میں ملوث سفاک درندوں اور وحشیوں کو عبرتناک سزا مل سکے۔

متعلقہ عنوان :

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں