کماد کی بوائی گنے سے کاٹے ہوئے تین یاچار آنکھوںوالے ٹکڑوں سے کی جائے،محکمہ زراعت

پیر 29 جنوری 2018 10:51

قصور۔29جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جنوری2018ء)محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو کمادکی بہاریہ فصل کیلئے بیج کے انتخاب اور شرح بیج کے بارے میں ہدایت کی ہے کہ کماد کی بوائی گنے ہی سے کاٹے ہوئے تین یاچار آنکھوں والے ٹکڑوں (سموں)کے ذریعے کی جائے اور ہمیشہ صحتمند ‘بیماریوں اور کیڑوں سے پاک فصل سے بیج کا انتخاب کیاجائے نیزبیج بناتے وقت بیماراورکمزور گنے چھانٹ کر الگ نکال دینے چاہئیں ،خاص طورپر ایسے کھیت سے بیج ہرگزنہ رکھاجائے جس میں رتہ روگ کی بیماری موجود ہو۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں ہمیشہ یک سالہ فصل کا بیج منتخب کرنے کی کوشش کرنی چاہئے تاکہ بہترپیداوار کا حصول ممکن بنایاجاسکے۔ محکمہ کے ترجمان نے کہا کہ بیج کیلئے گنے کا اوپروالاحصہ استعمال کیاجائے کیونکہ اس سے اگائواچھا ہوگا تاہم گری ہوئی فصل کا بیج ہرگز استعمال نہ کیاجائے اور آنکھوں کو زخمی ہونے سے بچانے کے علاوہ بیج کیلئے گنے کو درانتی یا پلچھی سے نہ چھیلاجائے بلکہ ہاتھوں سے کھوری اتاری جائے۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں