عدالت کے جعلی آرڈر تیار کر نے پر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج

پیر 12 فروری 2018 20:45

قصور۔12 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 فروری2018ء)عدالت کے جعلی آرڈر تیار کرکے کروڑوں روپے کی زمین ہتھیانے والے ملزمان کے خلاف اینٹی کرپشن نے مقدمہ درج کر لیا ۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن عمر مقبول کے حکم پر سرکل آفیسر شاہد عنایت بھٹی نے محکمہ ریونیو کے آفیسران سمیت دیگر کے خلاف انکوائری کرنے کے بعد فراڈ و دھوکہ دہی کے جرم میں مقدمہ درج کرکے گرفتاری کیلئے چھاپے مارنے شروع کردیئے۔

مقدمہ کی مدعیہ جمیلہ بی بی کے مطابق ملزمان اراضی کمپیوٹر سنٹر کے انچارج عطاء محمد ، حارث بھٹی ، ہیڈ کلرک ناصر علی ، محمد خالد پٹواری سے ملی بھگت کرکے قبضہ مافیا کے سرغنہ محمد اعظم الیاس ، محمد منشاء ، محمد اکرم ، ایڈووکیٹ ایم اکرم انصاری ، منشی جاوید و دیگر نے سول جج امجد علی باجوہ اور سول جج نداء تسلیم خاں کے جعلی عدالتی آرڈر تیار کیے کہ ان کی زمین پر سٹے خارج ہو چکا ہے اور ملزمان نے پراپرٹی کی فر د ملکیت حاصل کرکے زمین اپنے نام رجسٹر کرالی جس پر جمیلہ بی بی نے اینٹی کرپشن سے رجو ع کیا ۔

(جاری ہے)

سرکل آفیسرشاہد عنایت بھٹی نے انکوائری کرنے کے بعد واقعہ میں ملوث ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ۔ ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں ۔ دریں اثناء موضع ستوکی کے نمبردار نور جیلانی کی مدعیت میں پٹواری محبوب عالم کے خلاف معاملہ کی مد میں ایک لاکھ ستائیس ہزار پانچ سو روپے ہڑ پ کرنے پر مقدمہ درج کرلیا گیا ۔ پٹواری محبوب عالم نے رقم سرکاری خزانے میں جمع کرنے کی بجائے خود ہضم کرلی جس پر اسسٹنٹ کمشنر قصور نے نمبردارانور جیلانی کی زمین کی نیلامی کردی۔ محکمہ اینٹی کرپشن نے انکوائری میں محبوب عالم پٹواری کو گنہگار قرار دیتے ہوئے مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کردی ہے ۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں