ڈپٹی کمشنر رانا محمد ارشد کا بھلے والا کا دورہ ‘بارشوں کی وجہ سے روہی نالہ میں آنیوالی طغیانی کا جائزہ لیا

ریونیو افسران سے زیر آب آنیوالی فصلوں کے نقصان کی رپورٹ طلب ‘ریسکیو 1122‘محکمہ لائیو سٹاک ‘ہیلتھ سمیت دیگر محکموں کو علاقہ مکینوں کو تمام بنیادی سہولیات باہم پہنچانے کا حکم ‘دریائے ستلج میں سیلاب کا کوئی خطرہ نہیں ‘ڈپٹی کمشنر رانا محمد ارشد

منگل 25 ستمبر 2018 20:33

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2018ء) ڈپٹی کمشنر قصور رانا محمد ارشد کا بھلے والا کا دورہ ‘بارشوں کی وجہ سے روہی نالہ میں آنیوالی طغیانی کا جائزہ لیا ‘ریونیو افسران سے زیر آب آنیوالی فصلوں کے نقصان کی رپورٹ طلب ‘ریسکیو 1122‘محکمہ لائیو سٹاک اور ہیلتھ سمیت دیگر محکموں کو علاقہ مکینوں کو تمام بنیادی سہولیات باہم پہنچانے کا حکم ‘دریائے ستلج میں سیلاب کا کوئی خطرہ نہیں ۔

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر قصور رانا محمد ارشد نے گزشتہ روز قصور کے نواحی گائوں بھلے والا کا دورہ کیا اور بارشوں کی وجہ سے روہی نالہ میں آنیوالی طغیانی سے زیر آب آنیوالی فصلوں کا جائزہ لیا ۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر قصور آمنہ مودودی ‘ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر خالد بشیر ‘ڈیزاسٹر مینجمنٹ کوآرڈینیٹر تیمور بیگ ‘ڈی ایچ او ڈاکٹر لائیق احمد چوہدری اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر قصور نے اس موقع پر گائوں سے متصل زیر آب علاقے کا دورہ کیا اور مختلف محکموں کی جانب سے علاقہ مکینوں کو دی جانیوالی بنیادی سہولیات کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے اس موقع پر محکمہ ریونیو کے افسران کو حکم دیا کہ وہ روہی نالہ میں آنیوالی طغیانی سے متاثرہ فصلوں بارے رپورٹ کریں ۔محکمہ لائیو سٹاک ‘ہیلتھ ‘ریسکیو1122اور دیگر متعلقہ محکمے علاقہ مکینوں کو بنیادی سہولیات باہم پہنچانے کیلئے فوری اقدامات کریں ۔

انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر قصور کو حکم دیا کہ وہ فوری طور پر گائوں کو جانیوالے راستے پر مٹی ڈلوائیں تاکہ علاقہ مکینوں کی آمدو رفت میں آسانی پیدا ہو۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر رانا محمد ارشد کو محکمہ اری گیشن اور فلڈ فار کاسٹنگ ڈویژن کی جانب سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ دریائے ستلج میں سیلاب کا کوئی خطرہ نہ ہے اس وقت تلوار پوسٹ کے مقام پر پانی کا بہائو 52سوکیوسک ہے جبکہ فلڈ کا خطرہ 70ہزار کیوسک پر ہوتا ہے ۔

بھلے والا گائوں میں آنیوالا پانی در اصل انڈیا میں زیادہ بارشوں کی وجہ سے روہی نالا میں آنیوالی طغیانی کی وجہ سے آیا ہے اور اس وقت گائوں کے نواحی علاقوں میں داخل ہونیوالے پانی کی سطح مسلسل نیچے جارہی ہے اور امید ہے کہ ایک یادو روز میں پانی کی سطح اپنے معمول پر آجائے گی ۔ ڈپٹی کمشنر قصور نے علاقہ مکینوں کو یقین دلایا کہ ضلعی انتظامیہ پانی کی وجہ سے انہیں درپیش مسائل کے فوری حل کیلئے اپنے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے ۔دریائے ستلج میں فی الحال پانی کا بہائو معمول کے مطابق ہے اور سیلاب کا کوئی خطرہ نہ ہے ۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں