خانیوال، 5 اگست یوم استحصال کشمیر کے طور پر منانے کی تیاریاں مکمل

پیر 3 اگست 2020 17:25

خانیوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2020ء) حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ خانیوال نے 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے محاصرے کو ایک سال مکمل ہونے پر یوم استحصال کشمیر کے طور پر منانے کا اعلان کر دیا۔ ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی نے اس سلسلہ میں ایک پلان تشکیل دے کر تمام محکموں کو 5 اگست یوم استحصال کشمیر ،پر کشمیری بھائیوں سے بھرپور اظہار یکجہتی کی ہدایت کی ہے، اس سلسلہ میں ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام واک کا بھی اہتمام کیا جائے گا جس میں قومی و صوبائی اسمبلی کے اراکین ،مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کورونا ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے شرکت کریں گے، واک جناح لائبریری سے شروع ہوکر ٹی چوک پر اختتام پذیر ہوگئی واک کے آغاز پر مظفرآباد جبکہ اختتام پر سرینگر کا بورڈ نمایاں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

واک کے تمام شرکاء کالی پٹیاں ،کالے ماسک اور کالی ٹوپیاں پہنیں گے جن پر یوم استحصال کشمیر درج ہوگا جبکہ پاکستان اور آزاد جموں کشمیر پرچم بھی واک میں لہرائے جائیں گے۔واک سے قبل ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی اور سڑکوں پر ٹریفک رک جائے گی ایک منٹ کا سائرن بجانے سمیت پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کے ترانے بھی بجائے جائیں گے جبکہ ضلع کی اہم شاہراہوں ،چوکوں پر، بل بورڈاور پوسٹرز، بھی لگائے جائیں گے ڈپٹی کمشنر نے تمام محکموں کو تیاری کی ہدایت کر دی۔

خانیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں