یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں چوتھی پرنسپلز نرسنگ اینڈ الائیڈ ہیلتھ پروفیشنل انسٹیٹیوٹس کانفرنس،صوبائی وزراء صحت کی بطور مہمان خصوصی شرکت

ہفتہ 27 اپریل 2024 17:56

یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں چوتھی پرنسپلز نرسنگ اینڈ الائیڈ ہیلتھ پروفیشنل انسٹیٹیوٹس کانفرنس،صوبائی وزراء صحت کی  بطور مہمان خصوصی شرکت
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2024ء) صوبائی وزرا صحت خواجہ سلمان رفیق وخواجہ عمران نذیر نے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کے زیر اہتمام چوتھی پرنسپلز نرسنگ اینڈ الائیڈ ہیلتھ پروفیشنل انسٹیٹیوٹس کانفرنس میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر سیکرٹری صحت علی جان خان، وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر احسن وحید راٹھور، سپیشل سیکرٹریز سید واجد علی شاہ اور منصور احمد، سی ای او پنجاب ہیلتھ انشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی ڈاکٹر علی رزاق، ایڈیشنل سیکرٹری عثمان خالد، ایڈیشنل سیکرٹری مظہر احمد، ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر حافظ شاہد لطیف، ڈی جی نرسنگ ، نرسنگ کالجز کی پرنسپلز و دیگر افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

کانفرنس میںسیکرٹری صحت پنجاب نے اپنی پریزنٹیشن میں نرسنگ شعبہ کی بہتری کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی۔صوبائی وزراخواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر نے کانفرنس کے دوران اے ایل ایس سٹیمولیٹر کی عملی مشقوں اور نرسنگ کالجز کو فراہم کئے جانے والے طبی سامان کا بھی جائزہ لیا۔ خواجہ سلمان رفیق نے کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ انتہائی اہم موضوع پر نرسنگ اور الائیڈ ہیلتھ پروفیشنل انسٹی ٹیوٹس کے پرنسپلز کی کانفرنس منعقد کروانے پر سیکرٹری صحت علی جان خان اور ان کی ٹیم کی کاوش کو سراہتا ہوں،نرسنگ شعبہ میں بہتری کی بہت گنجائش موجود ہے، وزیر اعلی مریم نواز نے بھی نرسنگ شعبہ کی بہتری کیلئے ہدایت کی ہے، تمام نرسنگ کالجز کا دورہ کرکے حالات کا جائزہ لیں گے، کسی بھی سرکاری یا نجی ہسپتال میں مریضوں کے علاج و معالجہ میں نرس کا بنیادی کردار ہوتا ہے۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ اس سیشن میں نرسنگ کالجز کی پرنسپلز کی جدید تربیت بھی کی گئی ہے، پنجاب کے نرسنگ شعبہ کا معیار بین الاقوامی سطح پر لے جانے کی کوشش کریں گے، نرسنگ شعبہ کی بہتری کیلئے اصلاحات لانی ہوں گی،سرکاری ہسپتالوں میں ڈے کیئر سنٹرز کا قیام اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ صوبائی وزیر محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر خواجہ عمران نذیر نے اپنے خطاب میں کہاکہ خدمت انسانیت کے جذبے کے تحت محکمہ صحت میں فرائض سر انجام دے رہے ہیں، نرسنگ شعبہ کو نظام صحت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے۔

انہوں نے کہاکہ اگر کہوں کہ ہسپتال کا نظام نرسوں کے سر پر چل رہا ہے تو غلط نہیں ہوگا ۔نرسز کا سروس سٹرکچر بنانے کا اعزاز بھی مسلم لیگ ن کی حکومت کو جاتا ہے، چاہتے ہیں کہ ہماری نرسیں پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کریں۔ خواجہ عمران نذیر نے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب ایک بڑے باپ کی بیٹی اور ویژنری خاتون ہیں،نظام صحت کی بہتری کو مریم نواز نے اپنی پہلی ترجیح بنائی ہوئی ہے، مسلم لیگ ن کی حکومت میں کرپشن کرنے والا کڑے احتساب سے نہیں بچ پائے گا، تمام سرکاری ہسپتالوں میں ڈے کیئر سنٹرز قائم کئے جائیں گے۔

سیکرٹری صحت علی جان خان نے کانفرنس کے شرکا ء کو بتایاکہ پنجاب میں نرسنگ کے شعبہ میں بہتری لانے کی کوشش کر رہے ہیں،بی ایس این نرسنگ ڈگری کے نصاب کو بین الاقوامی سطح کے مطابق کرنے کی کوشش ہے،45 نرسنگ کالجز میں ری ویمپنگ کا منصوبہ ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا گیا۔انہوں نے کہاکہ نرسنگ شعبہ کی حوصلہ افزائی کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں