کابینہ کا حصہ نہ بننے کے فیصلے پر ہی قائم رہا جائے : میاں ایوب

جمعرات 9 مئی 2024 20:41

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 مئی2024ء) پیپلز پارٹی پنجاب کے نائب صدر اور سابق مشیر وزیراعظم میاں محمد ایوب نے کہا ہے کہ ہم اپنی قیادت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ (ن) لیگ کے ماضی کو دیکھتے ہوئے ان کے ساتھ موجودہ حکومت کی کسی بھی کابینہ کا حصہ نہ بننے کے فیصلے پر ہی قائم رہا جائے اور پارٹی میں موجود وہ عناصر جن کی یہ خواہش ہے کہ پارٹی کو کابینہ کا حصہ بننا چاہئے ایسے لوگوں کی تجویز پر کسی بھی قیمت پر عمل نہیں کرنا چاہئے یہ بات ریکارڈ پرہے کہ (ن) لیگ اپنا مطلب نکل جانے کے بعد پیپلز پارٹی کو ہی آنکھیں دکھانا شروع کردیتی ہے اس سے پہلے بھی جب سولہ مہینے کی پی ڈی ایم کی حکومت رہی تو حکومت کے سارے مزے صرف اور صرف (ن) لیگ نے لئے لیکن اپنی ناکامیوں کا سارا ملبہ اس جماعت نے پیپلز پارٹی پر ڈال دیا جس کی وجہ سے انتخابات میں پیپلز پارٹی کو پنجاب میں نقصان بھی اٹھانا پڑا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی اور پنجاب کا بینہ میں محض دو، چار وزارتوں کی خاطر پارٹی کو نقصان پہنچانے والے پارٹی کے خیر خواہ نہیں ہو سکتے ہم امید کرتے ہیں کہ ہماری لیڈرشپ پارٹی کی سی ای سی کے کابینہ کا حصہ نہ بننے کے فیصلے پر برقرار رہے گی اور (ن) لیگ کی ناکامیوں کا ملبہ اپنے گلے میں نہیں ڈالے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں