سپریم کورٹ نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کاسٹ کرنے کا حق دیدیا،

ضمنی انتخابات میں ووٹ ڈال سکیں گے الیکشن کمیشن نادرا کی معاونت سے انتظامات کو یقینی بنائے ،انٹرنیٹ ووٹنگ کے انتخابی نتائج کو بالکل علیحدہ رکھا جائے آئی ووٹنگ کے نتائج کو ضمنی انتخابات کے نتائج میں شامل کیا جائے ،تنازعہ کی صورت میں آئی ووٹنگ کے نتائج کو علیحدہ کردیا جائے‘ چیف جسٹس بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بہت مبارک ہو، اب عملدرآمد کا معاملہ ہے اور انتخابات کروانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے‘ جسٹس ثاقب نثار

جمعہ 17 اگست 2018 13:48

سپریم کورٹ نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کاسٹ کرنے کا حق دیدیا،
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2018ء) سپریم کورٹ نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کاسٹ کرنے کا حق دیتے ہوئے ضمنی انتخابات میں ووٹ ڈالنے کی اجازت دیتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نادرا کی معاونت سے انتظامات کو یقینی بنائے اور انٹرنیٹ ووٹنگ (آئی ووٹنگ)کے انتخابی نتائج کو بالکل علیحدہ رکھا جائے۔چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی۔

دوران سماعت نادرااور الیکشن کمیشن کے افسران عدالت میں موجود تھے۔چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ آئی ووٹنگ کے انتخابی نتائج کو ضمنی انتخابات کے نتائج میں شامل کیا جائے تاہم تنازعہ کی صورت میں آئی ووٹنگ کے نتائج کو علیحدہ کردیا جائے۔

(جاری ہے)

عدالت میں سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بہت مبارک ہو، ان کے ووٹ ڈالنے کے حق کو تسلیم کرلیا گیا ہے، اب اس پر عملدرآمد کا معاملہ ہے اور انتخابات کروانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ پائیلٹ پراجیکٹ بنانے پر الیکشن کمیشن اور نادرا کے مشکور ہیں لیکن اس پراجیکٹ کو الیکشن کمیشن کے قواعد اور آپریشن پلان کے تحت مکمل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ نادرا پائیلٹ پراجیکٹ کے انتخابی عمل کو فول پروف بنانے کے لیے الیکشن کمیشن کی معاونت کرے، تجرباتی نفاد کا مقصد یہ نہیں کہ اس کے نتائج کو نظر انداز کردیا جائے۔اس موقع پر چیف جسٹس نے مزید ہدایت دی کہ انتخابی نتائج کی درستی سے متعلق تمام نتائج کو پارلیمنٹ کے سامنے رکھا جائے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں