لاہور، ضلع کچہری ملتان کی نئے جوڈیشل کمپلیکس منتقلی معاملہ

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ کی سربراہی میں اعلی سطحی کمیٹی تشکیل دے دی

پیر 15 اکتوبر 2018 16:48

لاہور، ضلع کچہری ملتان کی نئے جوڈیشل کمپلیکس منتقلی  معاملہ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اکتوبر2018ء) ضلع کچہری ملتان کی نئے جوڈیشل کمپلیکس منتقلی کے معاملہ پر چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ کی سربراہی میں اعلی سطحی کمیٹی تشکیل دے دی ۔ کمیٹی میں کمشنر ملتان ڈویژن، ڈی سی ملتان، صدر ہائیکورٹ بار ملتان، صدر ڈسٹرکٹ بار ملتان سمیت دیگر شامل ہیں۔ کمیٹی ضلع کچہری ملتان کو نئے جوڈیشل کمپلیکس منتقل کرنے کے معاملے کا جائزہ لے گی ۔

کمیٹی نئے جوڈیشل کمپلیکس میں خامیوں اور ناکافی سہولیات کا بھی جائزہ لے گی ۔ میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں اعلی سطحی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ محمد یاورعلی نے شرکت کی ۔ اجلاس میں معروف قانون دان ظفر اقبال کلانوری، ہائیکورٹ بار ملتان اور ڈسٹرکٹ بار ملتان کے صدور بھی شریک ہوئے ۔

(جاری ہے)

ضلعی انتظامیہ ملتان، ڈی ڈبلیو ڈی ملتان سمیت دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔

ہائیکورٹ بار ملتان اور ڈسٹرکٹ بار ملتان کے صدور نے نیو جوڈیشل کمپلیکس میں عدم سہولیات سے متعلق چیف جسٹس کوشکایت کی۔ چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ نئے جوڈیشل کمپلیکس پر کروڑوں روپے خرچ ہوئے۔ سہولیات فراہم کردیں تو وکلاء کو وہاں منتقل ہونے پر اعتراض نہیں کرنا چاہئے۔ نئے جوڈیشل کمپلیکس میں منتقلی کے معاملے پر وکلاء اور ججز میں شدید اختلافات پیداہوگئے تھے۔ سابق چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے اسی معاملے پر سابق صدر شیر زمان کو توہین عدالت میں گرفتارکر کے پیش کرنے کا حکم دے رکھا تھا۔ معاملہ سنگین صورت اختیار کرنے پر چیف جسٹس پاکستان نے ازخودنوٹس لیتے ہوئے موقع کا معائنہ کیا تھا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں