خواجہ سعد رفیق ،سلمان رفیق کی عبوری ضمانت میں 11 دسمبر تک توسیع ،نیب کو ممکنہ گرفتاری سے روک دیا گیا

چیئرمین نیب نے دونوں فریقین کو سن لیا ہے ،آئندہ ایک دو روز میں اس حوالے سے فیصلہ کرلیا جائے گا‘نیب پراسیکیوٹر

بدھ 5 دسمبر 2018 17:13

خواجہ سعد رفیق ،سلمان رفیق کی عبوری ضمانت میں 11 دسمبر تک توسیع ،نیب کو ممکنہ گرفتاری سے روک دیا گیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی و سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق اور انکے بھائی رکن پنجاب اسمبلی سلمان رفیق کی عبوری ضمانت میں 11 دسمبر تک توسیع کرتے ہوئے نیب کو دونوں کی ممکنہ گرفتاری سے روک دیا۔لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر سماعت کی۔

نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ چیئرمین نیب نے دونوں فریقین کو سن لیا ہے اور آئندہ ایک دو روز میں اس حوالے سے فیصلہ کرلیا جائے گا۔عدالت نے نیب پراسیکیوٹر سے کہا کہ دونوں کے وارنٹ گرفتاری کو عدالتی ریکارڈ کا حصہ بنائیں، گزشتہ سماعت پر بھی آپ نے اسے عدالتی ریکارڈ کا حصہ نہیں بنایا تھا۔

(جاری ہے)

عدالت نے درخواست پر سماعت کے بعد سعد رفیق اور سلمان رفیق کی عبوری ضمانت میں 11دسمبر تک توسیع کردی اور نیب کو حکم دیا ہے کہ دونوں کو آئندہ سماعت تک گرفتار نہ کیا جائے۔

واضح رہے کہ خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کے خلاف نیب میں پیراگون ہائوسنگ سوسائٹی کی تحقیقات جاری ہیں اور اس میں ممکنہ گرفتاری سے بچنے کے لیے انہوں نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی جسے عدالت نے مسترد کرتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کی تھی۔خواجہ برداران نے ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم پر بھی جانبداری کا الزام عائد کرتے ہوئے انہیں تبدیل کرنے کی درخواست دی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں