ڈیم فنڈز کی رقم یوٹیلٹی بلز کی ادائیگی پر خرچ کرنے کیخلاف قرارداد پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع

فنڈز کا کمرشل استعمال نہیں ہو سکتا تھا،سپریم کورٹ ڈیم فنڈز کی رقم کے غیر قانونی استعمال کا نوٹس لے‘ عظمیٰ بخاری کی قرارداد کامتن

جمعرات 22 اگست 2019 14:26

ڈیم فنڈز کی رقم یوٹیلٹی بلز کی ادائیگی پر خرچ کرنے کیخلاف قرارداد پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اگست2019ء) ڈیم فنڈز کی رقم یوٹیلٹی بلز کی ادائیگی پر خرچ کرنے کیخلاف قرارداد پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروا دی گئی۔ قرارادد مسلم لیگ (ن) کی رکن عظمی بخاری کی جانب سے جمع کرائی گئی ۔جس میں کہا گیا کہ سابق چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار نے دیامر بھاشا ڈیم کے نام پر ڈیم فنڈ قائم کیا۔ ڈیم فنڈز میں افواج پاکستان سمیت تمام سرکاری ملازمین اور قوم نے چندہ جمع کرایا۔

(جاری ہے)

ڈیم فنڈز میں 10ارب سے زائد کی رقم جمع ہوئی اور ڈیم فنڈز کی تمام رقم سپریم کورٹ آف پاکستان کے پاس اکائونٹ میں جمع تھی اور یہ رقم صرف دیامر بھاشا ڈیم پر ہی خرچ ہو سکتی تھی۔ حکومت نے ڈیم فنڈز کے لئے جمع چندہ یوٹیلٹی بلز میں خرچ کر دیا ہے حالانکہ ڈیم فنڈز کا کمرشل استعمال کسی صورت نہیں ہو سکتا تھا۔ قرارداد میں دعوی کیا گیا کہ ڈیم فنڈز پر اشتہارات کی مد میں 13 ارب روپے کے قریب رقم بھی سرکاری خزانے سے خرچ کی گئی ۔مطالبہ ہے کہ سپریم کورٹ ڈیم فنڈز کی رقم کے غیر قانونی استعمال کا نوٹس لے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں