حکومت پنجاب کا مشن،ملاوٹ سے پاک،صحت مند خوراک کی فراہمی

پنجاب بھر میں 144 اچار اور مربہ یونٹس کی چیکنگ، ناقص انتظامات پر 4فیل، 2یونٹس کی پروڈکشن بند نیلے ڈرموں میں محفوظ کیے گئے مضر صحت مربہ جات میں مردہ مچھراور مکھیوں کی بھاری مقدار پائی گئی‘ڈی جی فوڈ اتھارٹی

اتوار 13 اکتوبر 2019 22:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2019ء) حکومت پنجاب کا مشن،ملاوٹ سے پاک،صحت مند خوراک کی فراہمی۔ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی کیپٹن(ر) محمد عثمان کی ہدایت پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے پنجاب بھر میں 144 اچار اور مربہ یونٹس کی چیکنگ کے دوران ناقص انتظامات پر 4فیل اور 26 یونٹس کو جرمانے عائد کیے۔تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے صحت بخش اشیائے خورونوش کی فراہمی ممکن بنانے کیلئے اچار اور مربہ یونٹس کی چیکنگ کی۔

لاہور زون میں 82،راولپنڈی 29،ملتان 26اور مظفر گڑھ زون میں 7یونٹس کو چیک کیا گیا۔ پنجاب بھر میں 144 اچار اور مربہ یونٹس کی چیکنگ کے دوران مضر صحت اجزاء کے استعمال اور ناقص انتظامات پر 4 پروڈکشن یونٹس سیل کر دیے۔

(جاری ہے)

اسی طرح حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیوں پر 26 کو جرمانے عائد جبکہ معمولی نقائص پر 107کو اصلاحی نوٹسزجاری کیے گئے۔صوبہ بھر میں کی گئی کارروائیوں کے دوران2ہزار 640کلو فنگس زدہ مربہ، 873 کلوزائدالمیعاداچار، بھاری مقدار میں کھلے رنگ اورمصالحہ جات برآمدکر لیے گئے۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ گلے سڑے پھلوں،سبزیوں کو کیمیکلزلگا کر مربہ اور اچار تیار کرنے پر یونٹس کو سیل کیا گیا۔ پروڈکشن ایریا میں سگریٹ نوشی،ورکرز کی صفائی نہ ہونے اور انتہائی ناقص سٹوریج کی بناء پر کارروائیاں کی گئیں ۔ کیپٹن(ر)محمد عثمان کا مزید کہنا تھا کہ نیلے ڈرموں میں محفوظ کیے گئے مضر صحت مربہ جات میں مردہ مچھر اورمکھیوں کی بھاری مقدار پائی گئی۔ انہو ں نے واضح کیا کہ گلی سڑی سبزیوں پھلوں سے تیار شدہ مربہ اور اچار کا استعمال متعدد بیماریوں کا باعث بنتا ہے۔عوام سے گزار ش ہے کہ بازار کی نسبت ہمیشہ گھر کی بنی اشیائے خورو نوش کو ترجیح دیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں