پی آئی سی حملہ کیس،گرفتار 46وکلاء کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد ،14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل

ملزمان کو انتہائی سخت سکیورٹ میں چہرے ڈھانپ کر پیش کیا گیا، ضمانت پر رہائی کیلئے لاہورہائیکورٹ میں درخواست دائر

جمعرات 12 دسمبر 2019 20:06

پی آئی سی حملہ کیس،گرفتار 46وکلاء کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد ،14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 دسمبر2019ء) انسداددہشتگردی کی خصوصی عدالت نے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی پر حملے، توڑ پھوڑ اور جلائو گھیرا ئو کے الزام میں گرفتار 46وکلاء کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ، لاہور ہائیکورٹ بار کے صدر سمیت دیگر نے گرفتار وکلاء کی ضمانت پر رہائی کے لئے درخواست دائر کر دی ۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پر حملے، توڑ پھوڑ اور جلائو گھیرا ئو کے الزام میں گرفتار 52 ملزمان وکلاء میں سے 46 کو تھانہ شادمان میں درج 2 ایف آئی آر میں انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے ایڈمن جج عبدالقیوم خان کے روبرو پیش کیا گیا۔اس موقع پر پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔

(جاری ہے)

پولیس نے ملزمان کو چہرے ڈھانپ کر عدالت میں پیش کیا ۔

ملزمان کی طرف سے سینئر نائب صدر سپریم کورٹ بار غلام مرتضی چوہدری سمیت دیگر پیش ہوئے ۔پولیس کی جانب سے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تاہم عدالت نے ملزمان کو جوڈیشل کرتے ہوئے میڈیکل کرانے کی ہدایت کر دی ۔دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ بار کے صدرحفیظ الرحمان چوہدری اور دیگر کی جانب سے گرفتار وکلاء کی رہائی کیلئے لاہورہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں