انڈسٹریل اسٹیٹس میں بجلی، گیس اور دیگر مسائل کے فوری حل کے لئے وفاقی حکومت سے رابطہ کیا جائے گا : اسلم اقبال

قائداعظم بزنس پارک صنعتی ترقی کے حوالے سے ایک سنگ میل ہے،جنوبی پنجاب میں معاشی انقلاب آئے گا : وزیر صنعت وتجارت

بدھ 23 ستمبر 2020 19:32

انڈسٹریل اسٹیٹس میں بجلی، گیس اور دیگر مسائل کے فوری حل کے لئے وفاقی حکومت سے رابطہ کیا جائے گا : اسلم اقبال
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 ستمبر2020ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے کمیٹی روم میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے کے صنعتی مراکز کی آباد کاری اور ترقیاتی کاموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔چیئرمین پیڈمک نبیل ھاشمی نے انڈسٹریل اسٹیٹس میں صنعتکاری اور ترقیاتی سکیموں پرپیش رفت بارے بریفنگ دی۔

صوبائی وزیرصنعت تجارت میاں اسلم اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صنعتی مراکز میں ترقیاتی کام تیزی سے مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہاانڈسٹریل اسٹیٹس میں بجلی، گیس اور دیگر مسائل کے فوری حل کے لئے وفاقی حکومت سے رابطہ کیا جائے گا، صوبائی وزیرنے کہا کہ صنعتی مراکز میں مسائل کی نشاندہی اور انکے حل کیلئے سٹیک ہولڈرز سے مشاورت سے اقدامات کئے جائیں۔

(جاری ہے)

میاں اسلم اقبال نے کہا کہ پنجاب حکومت صوبے میں 13سپیشل اکنامک زونز پر کام کر رہی ہے اوریہ خصوصی اقتصادی زونز ملک اور قوم کی تقدیر بدل دیں گے۔انہوں نے کہا کہ صنعتی مراکز میں نئی صنعتیں لگنے سے اربوں روپے کی سرمایہ کاری آرہی ہے اورانڈسٹریل اسٹیٹس کی آباد کاری سے روز گار کے لاکھوں نئے مواقع پیدا ہوں گے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ قائداعظم بزنس پارک صنعتی ترقی کے حوالے سے ایک سنگ میل ہے۔

جنوبی پنجاب میں ہزاروں ایکڑ رقبے پر بننے والے صنعتی مراکز سے خطے میں معاشی انقلاب آئے گا۔میاں اسلم اقبال نے کہا کہ پیڈمک انڈسٹریل اسٹیٹس کی آباد کاری اور ترقیاتی کاموں کی جلد تکمیل کے لئے متحرک ہو کر کام کرے۔سی ای او پیڈمک، پیڈمک کے افسران، پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے ڈائریکٹر اور محکمہ صنعت و تجارت کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں