پاک نیوزی لینڈ سیریز منسوخ ہونے پر سی سی پی او لاہور کا بھی ردِعمل سامنے آ گیا

نیوزی لینڈ ٹیم کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی میچز کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے گئے تھے۔سیکیورٹی کا کوئی ایشو نہیں تھا جس کو بنیاد بنا کر نیوزی لینڈ نے میچ کھیلنے سے انکار کیا۔ سی سی پی او لاہور محمود ڈوگر کا بیان

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 18 ستمبر 2021 16:49

لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 18 ستمبر 2021ء ) پاک نیوزی لینڈ سیریز منسوخ ہونے پر سی سی پی او لاہور کا بھی ردِعمل سامنے آ گیا ہے۔سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ ٹیم کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی میچز کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے گئے تھے۔سیکیورٹی کا کوئی ایشو نہیں تھا جس کو بنیاد بنا کر نیوزی لینڈ نے میچ کھیلنے سے انکار کیا۔

علاوہ ازیں ذرائع کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کی جانب سے دورہ منسوخ کیے جانے سے پاکستان کو ایک سے ڈیڑھ ملین ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کی جانب سے دورہ پاکستان منسوخ ہونے کے باوجود پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھاری نقصان کا انشورنس کور نہیں ملے گا ۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ اس قسم کے حالات میں سیریز انشورڈ ہونے کے باوجود انشورنس کمپنی سے ایک دھیلا نہیں ملے گا۔

(جاری ہے)

پاکستان یہ کیس اب آئی سی سی کے سامنے رکھے گا تاکہ نقصان کازالہ ہو۔پی سی بی کے مطابق نیوزی کرکٹ بورڈ کو اس سلسلے میں دوبارہ بھی یقین دہانی کروائی گئی اور وزیراعظم عمران خان نے ذاتی طور پر نیوزی لینڈ کی وزیراعظم سے رابطہ کر کے انھیں اس حوالے سے آگاہ کیا تھا کہ پاکستان کی سکیورٹی انٹیلیجنس دنیا کی بہترین ایجنسیوں میں سے ہے اور مہمان ٹیم کو کوئی سکیورٹی خطرہ نہیں ہے۔

بیان کے مطابق نیوزی لینڈ ٹیم کے حکام نے حکومت پاکستان کی جانب سے فراہم کی گئی سکیورٹی پر اطمینان کا اظہار کیا تھا۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ وہ طے شدہ شیڈول کے تحت میچ کھیلنے کے لیے تیار ہے اور پاکستان اور دنیا بھر میں کرکٹ کے شائقین کو اس آخری لمحے کی منسوخی سے مایوسی ہو گی۔ ذرائع کے مطابق نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کو لینے کے لیے خصوصی طیارہ آج شام اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچے گا، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے خصوصی طیارے کو پاکستان لینڈنگ کی اجازت دے دی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ خصوصی طیارہ آج شام اسلام آباد سے متحدہ عرب امارات روانہ ہوگا جہاں سے نیوزی لینڈ کے لیے اڑان بڑھے گا۔ یاد رہے کہ جمعے کے روز پہلا ون ڈے شروع ہونے سے کچھ دیر قبل نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے سکیورٹی خدشات کو جواز بناکر پاکستان کا دورہ اچانک ختم کرنے کا اعلان کردیا جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز ملتوی کردی گئی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں