وزیراعلی پنجاب حمزہ شہبازکا گریٹراقبال پارک میں جلسوں پر مکمل پابندی لگانے کا اعلان، گریٹر اقبال میں داخلہ فیس لگانے کی تجویز مسترد کردی

ہفتہ 28 مئی 2022 23:11

وزیراعلی پنجاب حمزہ شہبازکا   گریٹراقبال پارک میں جلسوں پر مکمل پابندی لگانے کا اعلان، گریٹر اقبال میں داخلہ فیس لگانے کی تجویز مسترد کردی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2022ء) وزیراعلی حمزہ شہباز نے گریٹر اقبال پارک میں جلسوں پر پابندی لگانے کی اصولی منظوری دے دی ہے او رکہاہے کہ تاریخی پارک کو جلسوں کیلئے استعمال کرنا کسی طور پر مناسب نہیں۔وزیراعلی حمزہ شہباز نے ایک اور احسن اقدام اٹھاتے ہوئے گریٹر اقبال میں داخلہ فیس لگانے کی تجویز مسترد کردی ہے-انہوں نے کہاکہ یہ غریب آدمی کا پارک ہے، کسی صورت داخلہ فیس عائد نہیں کروں گا، اس تجویز پر غور کرنا تو دور کی بات، اسے اجلاس میں پیش کرنا بھی مناسب نہیں۔

وزیراعلی حمزہ شہبازنے سابق دور میں پودوں کے بیج بروقت نہ خریدنے پر برہمی کا اظہار کیا ہے-وزیراعلی حمزہ شہبازنے بروقت بیج نہ خریدنے کے حوالے سے انکوائری کا حکم دیاہے-وزیراعلی نے ہدایت کی کہ خالی مقامات پر درخت، پودے اور گھاس لگانے کا کام جلد شروع کیا جائے اور پارکس اینڈ ہارٹیکلچراتھارٹی کا بورڈ جلد مکمل کیاجائے-وزیراعلی نے کہاکہ گھروں میں کام کرنے والے مالیوں کو فی الفور واپس بلایا جائے اورمیرے گھر میں بھی اگر کوئی مالی ہے تو اسے بھی واپس بلا یا جائے اور اس حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ جنوبی پنجاب میں بھی خالی اراضی کی نشاندہی کر کے پودے لگانے کا پلان مرتب کیا جائے۔ جلو بوٹینیکل پارک میں بٹرفلائی ہاس کو بھی جلد فنکشنل کیا جائے۔انہوں نے کہاکہ پی ایچ اے کے معاملات کو شفاف طریقے سے چلایا جائے گا۔ کسی سفارش نہیں سنوں گا اورپی ایچ اے کو پوری سپورٹ دوں گا۔وزیراعلی نے واٹس ایپ گروپ بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ گروپ میں کئے گئے فیصلوں پر پیش رفت کے بارے میں روزانہ کی بنیاد پر اپ ڈیٹ کیا جائے۔

وزیراعلی کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ تحریک انصاف کے جلسے سے گریٹر اقبال پارک میں پودے اور گھاس تباہ ہوئی اور اس جلسے سے پارک کو تقریبا50 لاکھ روپے کا نقصان ہوا۔خواجہ احمد حسان، افتخار احمد، سیکرٹری ہاسنگ، کمشنر لاہور ڈویژن، کرنل (ر) مبشر جاوید، عمران گورایہ اور ڈی جی پی ایچ اے نے اجلاس میں شرکت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں