لاہور میں الیکٹرک بس کا پہلا پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ

عوام کو جدیدترین ماحول دوست بسوں میں سفر کی بہترین سہولتیں فراہم کریں گے، وزیر اعلٰی پنجاب پرویز الہٰی کا اعلان

muhammad ali محمد علی جمعہ 12 اگست 2022 23:45

لاہور میں الیکٹرک بس کا پہلا پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 اگست2022ء) لاہور میں الیکٹرک بس کا پہلا پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق کی اتحادی پنجاب حکومت نے لاہور میں ٹرانسپورٹ کی سہولیات بہتر کرنے کیلئے اہم فیصلہ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعہ کے روز وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالہٰی کی زیرصدارت وزیراعلی آفس میں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں اورنج لائن میٹروٹرین، الیکٹرک بسیں چلانے اور لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے امور کا جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعلٰی نے کہا کہ خواتین اورطلبا کو اورنج لائن میٹرو ٹرین کے کرائے میں رعایتی پیکیج دیا جائے گا، جبکہ بزرگ اور خصوصی افراد کو اورنج لائن میٹرو ٹرین پر مفت سفر کی سہولت دی جائے گی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں اورنج لائن میٹرو ٹرین کا کرایہ سٹیج وائز مقررکرنے کا اصولی فیصلہ بھی کیا گیا۔ پرویز الہٰی نے کہا کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین کے سٹیشنز پر سولر سسٹم لگائے جائیں گے، وزیراعلی کی ہدایت پر اورنج لائن میٹروٹرین کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کا جائزہ لینے کیلئے ایڈوائزری کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔

جبکہ وزیر اعلٰی نے جلد لاہور میں الیکٹرک بسیں چلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ الیکٹرک بس کا پہلا پائلٹ پراجیکٹ لاہور میں شروع کیا جائے گا، عوام کو جدیدترین ماحول دوست بسوں میں سفر کی بہترین سہولتیں فراہم کریں گے۔ لاہور میں صفائی کی صورتحال بہتر بنانے کے حوالے سے پرویز الہٰی نے کہا کہ لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے کنٹریکٹ آئوٹ سورس کرنے کا معاملہ ایڈوائزری کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا ہے۔ یہاں واضح رہے کہ پنجاب حکومت اورنج لائن ٹرین منصوبے کا خسارہ کم کرنے کیلئے مختلف اقدامات پر غور کر رہی ہے، حال ہی میں اورنج ٹرین کے کرائے میں اضافے کی تجویز بھی دی گئی تھی، تاہم اس حوالے سے صوبائی حکومت تاحال کوئی فیصلہ نہیں کر سکی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں