اجازت دی جائے یا نہ دی جائے ،31ویں عالمی میلاد کانفرنس (کل )شیڈول کے مطابق ہو گی‘ ڈاکٹررحیق عباسی

طاہر القادری ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرینگے، خطاب مینار پاکستان سمیت ملک بھر میں سینکڑوں مقامات پر دیکھا جائے گا ، شب میلاد دنیا کی سب سے بڑی کانفرنس لاہور و پاکستان کا اعزاز ہے‘ عوامی تحریک اور عالمی میلاد کانفرنس 2015ء کے سربراہ کا خطاب

جمعرات 1 جنوری 2015 21:37

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 1جنوری 2015ء) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر اور عالمی میلاد کانفرنس 2015ء کے سربراہ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کو خبردار کرتے ہیں کہ عالمی میلاد کانفرنس کی راہ میں روڑے اٹکانے سے باز رہے ،تحریک منہاج القرآن نے ایک ماہ قبل کانفرنس کی اجازت کیلئے درخواست دی تھی جسکی اجازت ابھی تک نہیں دی گئی۔

اجازت دی جائے یا نہ دی جائے 31ویں عالمی میلاد کانفرنس 3جنوری بروز ہفتہ شیڈول کے مطابق ہو گی ۔ڈاکٹر طاہر القادری ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کریں گے ۔ڈاکٹر طاہر القادری کا خطاب مینار پاکستان سمیت پاکستان بھر میں سینکڑوں مقامات پر براہ راست دیکھا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان عوامی تحریک کی سنٹرل ورکنگ کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر احمد نواز انجم،ساجد بھٹی،جواد حامد،عدنان جاوید،شہزاد رسول ،سہیل رضا و دیگر بھی موجود تھے ۔انہوں نے کہا کہ نام نہاد حکمرانوں کو شرم نہیں آنی چاہیے کہ مہنگائی،دہشت گردی،بیروزگاری اور لوڈ شیڈنگ کے جہنم میں عوام جل رہے ہیں ،بے گناہوں کا قتل عام ہو رہا ہے،ان حکمرانوں کی نا اہلیوں کی وجہ سے پورا ملک دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے ،تباہی و بربادی مسلط کر دی گئی ہے،آج مسلمانوں کو مسلمانوں سے بیگانہ کیا جا رہا ہے اور حکمران اس درجہ گر گئے ہیں کہ میلاد النبی ﷺ جیسے مذہبی پروگرام کی اجازت بھی نہیں دے رہے ۔

ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ ہمیں کسی سے اجازت کی ضرورت نہیں،تحریک کے کارکنان آقا ﷺ کی ولادت کی خوشی دیوانہ وار منائیں گے ۔31ویں عالمی میلاد کانفرنس کی تیاریاں مینار پاکستان پر شروع کر دی گئی ہیں ، آقا ﷺ کے میلاد پر دنیا کے سب سے بڑے اجتماع ہر حال میں ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن پوری دنیا میں سرور کونین ﷺ کے عشق کا پیغام عام کرنے میں مصروف ہے ۔

مینار پاکستان پر ہونے والے عالمی میلاد کانفرنس پوری دنیا میں آقا ﷺکے میلاد کے حوالے سے اپنی منفرد پہچان بنا چکی ہے ،تحریک منہاج القرآن لاہور کے کارکن اور اہل لاہور مبارکباد کے مستحق ہیں کہ سرور کونین ﷺ کی ولادت کا سب سے بڑا پروگرام لاہور میں ہوتا ہے ،انہوں نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کا کرم ہی ہے کہ دنیا کے 100سے زائد ممالک میں تحریک کے قائم کردہ اسلامک سنٹرز عشق مصطفی ﷺکا پیغام عام کرنے میں مصروف عمل ہیں ،ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ اہل پاکستان خوش نصیب ہیں جو ہر سال انہیں عالم اسلام کی سب سے بڑی میلاد کانفرنس کے انعقاد کی سعادت نصیب ہوتی ہے۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ حضور اکرم ﷺ کے متعلق تعلق عشقی کی بحالی اور مضبوطی پر بھر پور محنت کی جائے تا کہ اللہ کی ناراضگی ختم ہو اور ہماری اجڑی زندگیوں میں بہار لوٹ آئے،اس موقع پر عالمی میلاد کانفرنس کیلئے تشکیل دی گئی انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان نے ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کو بتایا کہ تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں جس پر انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں