کم عمر لڑکیوں کا نکاح رجسٹر کرنے پر نکاح رجسٹرار اور نکاح خواں کے خلاف کارروائی کا حکم

جسٹس انوار الحق پنوں نے عظمت بی بی کی درخواست پر فیصلہ جاری کیا،نکاح کے وقت دلہن کی عمر سے متعلق دستاویزات ضروری ہیں،عدالت

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 11 مئی 2024 15:49

کم عمر لڑکیوں کا نکاح رجسٹر کرنے پر نکاح رجسٹرار اور نکاح خواں کے خلاف کارروائی کا حکم
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔11 مئی 2024 ) لاہور ہائیکورٹ نے کم عمر لڑکیوں کا نکاح رجسٹر کرنے پر نکاح رجسٹرار اور نکاح خواں کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا،جسٹس انوار الحق پنوں نے عظمت بی بی کی درخواست پر فیصلہ جاری کیا،عظمت بی بی نے اپنی چودہ سالہ بیٹی کی بازیابی کیلئے درخواست دائر کی تھی۔نکاح کے وقت دلہن کی عمر سے متعلق دستاویزات ضروری ہیں۔

عدالت نے کہا کہ متعلقہ ادارے ایسے نکاح رجسٹرار اور نکاح خواں کے خلاف سخت کارروائی کریں۔عدالت نے کمسن بچوں کی شادی روکنے کے حوالے سے واضح احکامات جاری کر رکھے ہیں۔لاہور ہائیکورٹ نے کہا کہ عدالتی حکم کے باوجود کمسن بچوں کی شادیاں جاری ہیں، بظاہر نکاح رجسٹرار اور نکاح خواں عدالتی ہدایات کی پیروی نہیں کر رہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے دو ماہ قبل کم عمر بچیوں کی شادیوں سے متعلق تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے قانون پر سختی سے عملدرآمد اور چیئرمین یونین کونسل کو کم عمر بچیوں کے نکاح نامے منسوخ کرنے کا حکم دے دیاتھا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس انوار الحق پنوں نے رمضانہ بی بی کی درخواست پر عبوری تحریری حکم جاری کیا تھا۔عدالت نے کم عمر بچیوں کی شادیوں سے متعلق بڑا فیصلہ کرتے ہوئے کم عمر بچیوں کی شادیوں سے متعلق قانون پر عملدرآمد کا حکم بھی د یا تھا۔عدالت نے پراسیکیوٹر جنرل پنجاب سید فرہاد علی شاہ کی سربراہی عملدرآمد کے حوالے سے اعلی سطحی کی کمیٹی بھی قائم کردی اور حکم دیا کہ کمیٹی کا اجلاس بھی طلب کرنے کا کہا تھا۔

لاہور ہائیکورٹ نے تحریری حکم نامے میں لکھا تھا کہ کمیٹی میں آئی جی پنجاب اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شرکت کو بھی یقینی بنایا جائے۔ عدالت نے حکم دیا کہ چیئرمین یونین کونسل فوری طور پر کم عمر بچیوں کے نکاح نامے منسوخ کئے جائیں۔عدالت نے حکم نامے میں لکھاتھا کہ اگر کوئی کم عمر شادی رجسٹرڈ ہوئی تو قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔تحریری حکم نامے میں کہا گیا تھا کہ ڈائریکٹر جنرل محکمہ بلدیات نے اس حوالے سے اپنی تجاویز کیں جس کے تحت اسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ تحصیل کی سطح پر ہر ماہ یونین کونسل کا ریکارڈ چیک و فراہم کریں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں