پنجاب حکومت کا راک سالٹ لیز میں کرپشن پر ذمہ داروں کیخلاف نیب سے رجوع کرنےکا فیصلہ

راک سالٹ کی غیرقانونی لیز فوری طور پر معطل کی جائیں، 13 ارب ڈالر نمک کے معدنی اثاثے عوام کی امانت ہے، دنیا ہمارا نمک ویلیوایڈیشن کے ساتھ مہنگے داموں فروخت کرتی تو ہم کیوں نہیں کرسکتے، وزیراعلیٰ مریم نواز

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 14 مئی 2024 20:11

پنجاب حکومت کا راک سالٹ لیز میں کرپشن پر ذمہ داروں کیخلاف نیب سے رجوع کرنےکا فیصلہ
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 مئی 2024ء) صوبائی کابینہ کے اجلاس میں راک سالٹ لیز میں کرپشن پر ذمہ داروں کے خلاف نیب سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے 7 ویں اجلاس کی صدارت میں ر اک سالٹ لیزز سے متعلق فیصلہ کرنے کے لئے کمیٹی بنانے کی ہدایت کی گئی جبکہ راک سالٹ پالیسی 2022 اور راک سالٹ پالیسی ترمیم شدہ 2023 کی توثیق کی منظوری دی گئی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں کہا کہ قومی خزانہ لوٹنے کی اجازت نہیں دے سکتے، فوری طور پر راک سالٹ کی غیرقانونی لیز معطل کی جائیں۔نمک کا ایک ذرہ بھی ضائع نہ ہو، 13 ارب ڈالر نمک کے معدنی اثاثے عوام کی امانت ہے۔ دنیا ہمارا نمک سستے داموں لے جا کر، ویلیو ایڈیشن کے ساتھ مہنگے داموں فروخت کرتی تو ہم کیوں نہیں کر سکتے؟ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ منصب کے تقدس کوبر قرار رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

ہم اپنے اختیارات کو آئینی حدود میں رہ کر استعمال کر رہے ہیں۔ بلاوجہ معذرت خوانہ رویہ نہیں ہونا چاہیے، اصول کی بات کرنے میں کوئی خوف نہیں۔ صوبائی وزیراطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری نے کہا کہ اہم تعیناتیوں کے لیے باہمی مشاورت ناگزیر ہے۔ مخاصمت نہیں لیکن ہر معاملے میں مداخلت قابل قبول نہیں۔ صوبائی وزیر بلال یٰسین کی اہم تعیناتیوں کے لیے وزارتی کمیٹی بنانے کی تجویز پیش کی۔

کابینہ اجلاس میں پرائمری اورسکینڈری ہیلتھ کئیر ڈیپارٹمنٹ کے پالیسی اینڈ سٹریٹجک پلاننگ یونٹ کے 23 ملازمین کے کنٹریکٹ میں توسیع اور خالی آسامیوں پر بھرتی پر پابندی اٹھانے کی منظوری دی گئی۔ پنجاب گورنمنٹ اور ڈسٹرکٹ گورنمنٹس کی سال 2016ء سے 2022ء کی سپیشل، پراجیکٹ اورپرفارمنس آڈٹ رپورٹس پیش کی گئی جبکہ حکومت پنجاب کی ایڈورٹائز منٹ پالیسی برائے سال 2024ء کی منظوری بھی دی گئی۔ صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری نے کہا کہ پرنٹ، الیکٹرانک، کیبل اور ڈیجیٹل میڈیا پر ایڈورٹائزمنٹ وفاقی حکومت کے طریقہ کار کے مطابق کی جائے گی۔ صوبائی وزراء، معاون خصوصی، چیف سیکرٹری، آئی جی پنجاب پولیس، سیکرٹریزاور دیگرنے اجلاس میں شرکت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں