شفاف الیکشن کے لئے ریاستی اداروں کا اپنی آئینی حدود میں رہنا ضروری ہے،صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی

پیر 16 جولائی 2018 23:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جولائی2018ء) جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل اور متحدہ مجلس عمل کے ترجمان صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ خلائی مخلوق خدائی مخلوق کے جذبوں کا مقابلہ نہیں کر سکتی۔ شفاف الیکشن کے لئے ریاستی اداروں کا اپنی آئینی حدود میں رہنا ضروری ہے۔ ایم ایم اے بدزبانی اور بدعنوانی کی سیاست کا خاتمہ کرے گی۔

قوم گالی اور گولی کی سیاست کو دفن کرنے کے لئے کتاب کے نشان پر ٹھپہ لگائے۔ ہمارا مقابلہ لوٹوں اور نوٹوں سے ہے۔ نظام مصطفے ملک و قوم کی خوشحالی کا حقیقی ضامن ہے۔ دیانتدار نمائیندے اسمبلیوں میں پہنچ کر نظام مصطفی کی آواز بلند کریں گے۔ دینی جماعتوں کے ممبران پارلیمنٹ نے ہر دور میں اسمبلیوں میں غیر اسلامی قانون سازی کا راستہ روکا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انھوں نے متحدہ مجلس عمل کے امیدواروں کے انتخابی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ شاہ اویس نورانی نے مزید کہا کہ 25 جولائی اہل حق کی کامیابی کا دن ہے۔ دہشت گردی کی حالیہ لہر انتخابی ماحول کو خراب کرنے کی سازش ہے۔ سراج رئیسانی شہید پوری قوم کا ہیرو ہے۔ الیکشن کمیشن پری پول رگنگ کا نوٹس لے۔ الزام خان نے سیاست کو بازیچہ اطفال بنا دیا ہے۔ پی ٹی آئی بدتمیزی کی سیاست پروان چڑھا رہی ہے۔ ناچ گانے والی پارٹی پاکستان میں مغربی ماحول لانا چاہتی ہے جبکہ ایم ایم اے شرم و حیا کے اسلامی کلچر کے فروغ کے لئے جدوجہد کر رہی ہے۔ ہم پاکستان میں نظام مصطفے کی بہاریں لانا چاہتے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں