نئی حکومت کوبرآمدات کے فروغ کیلئے بدلتے حالات کے مطابق از سر نو پالیسی تشکیل دینا ہونگی‘ چیئرمین لطیف ملک

اتوار 5 اگست 2018 16:20

لاہور۔5 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2018ء) پاکستا ن کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین لطیف ملک نے کہا ہے کہ نئی آنے والی حکومت کو برآمدات کے فروغ کیلئے بدلتے حالات کے مطابق از سر نو پالیسی تشکیل دینا ہونگی ، پیر کے روز سیکرٹری ٹریڈڈویلپمنٹ اتھارٹی سے ملاقات کر کے اکتوبر میں پاکستان کی عالمی نمائش اور آئندہ برس جرمنی میں منعقدہ نمائش کے حوالے تبادلہ خیال کیا جائے گا ۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے اپنی زیر صدارت جائزہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پرکارپٹ انسٹی ٹیوٹ کے چیئرمین سعید خان ، ممبر ایگزیکٹو و کوارڈی نیٹر ریاض احمد، میجر (ر) اختر نذیر سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ ریاض احمد نے اکتوبر میں منعقدہ نمائش کی تیاریوں اور غیر ملکی خریداروں سے رابطوں سمیت دیگر امور پر تفصیلی بریفنگ دی جس پر اجلاس کے شرکاء نے اپنے اطمینان کا اظہار کیا ۔

(جاری ہے)

لطیف ملک نے بتایا کہ ایسوسی ایشن کا تین رکنی وفد آج پیر کے روز سیکرٹری ٹریڈڈویلپمنٹ اتھارٹی سے ملاقات کر کے انہیں پاکستان میں منعقدہ کارپٹ کی نمائش کی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی آگاہ کرے گا جبکہ آئندہ برس جرمنی میں منعقدہ نمائش میں شرکت کے خواہشمندوں کیلئے سٹالز کی فیس میں کمی اور دیگر سہولیات کی فراہمی کے مطالبات پیش کئے جائیں گے ۔ انہوںنے مزید کہا کہ نئی آنے والی حکومت کو تجویز دیں گے کہ کارپٹ انڈسٹری کی سرپرستی کی جائے اس سے نہ صرف دیہی علاقوں میں دہلیز پر روزگار کے مواقع فراہم کئے جا سکتے ہیں بلکہ اس کے ذریعے دیہاتو ں سے شہروں کی جانب نقل مکانی کے بڑھتے رجحان کو بھی روکا جا سکتا ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں