پی ٹی آئی کی قیادت آزاد امیدواروں سے جھوٹے وعدے کر کے وزیر اورمشیر بنانے کا جھانسہ دے رہی ہے ‘ ملک احمد خان

انتشار اور دھرنوں کی سیاست کو آگے نہیں بڑھائیں گے ،نئے پاکستان کا نعرہ لگا کر اسے پرانی ڈگر پر چلانے کی کوشش کی جارہی ہے

پیر 6 اگست 2018 14:26

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اگست2018ء) مسلم لیگ (ن) کے رہنما ، سابق ترجمان پنجاب حکومت ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ انتخابات میں (ن) لیگ پنجاب میں اکثریتی جماعت کے طور پر سامنے آئی ہے ،پنجاب میں جو بھی کردار ادا کرنا ہے اس کا فیصلہ پارٹی نے کرنا ہے،پی ٹی آئی کی جانب سے آزاد امیدواروں سے جھوٹے وعدے کر کے وزیر اورمشیر بنانے کا جھانسہ دیاجارہاہے ۔

ماڈل ٹائون مرکزی سیکرٹریٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک احمد خان نے کہا کہ ابھی کچھ حلقوں کے نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوئے جبکہ (ن) لیگ آزاد امیدواروں کے ساتھ بھی رابطوں میں ہے۔پنجاب میں کیا کردار ادا کرنا ہے اس کا فیصلہ پارٹی کرے گی ،ہم پارلیمانی نظام کو یرغمال نہیں کریں گے ۔ انہوںنے مزید کہا کہ متحدہ اپوزیشن بہتر ہوتی ہے ،پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ کی قیادت کو معلوم ہے دونوںمل کر اچھا کام کریں گے ۔

(جاری ہے)

جس طرح ماضی میں انتشار اوردھرنوں کی سیاست کی گئی ہم اس روایت کو آگے نہیں بڑھائیں گے لیکن مضبوط اپوزیشن کا کردار نبھائیں گے ۔ انہوںنے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اگر آزاد امیدوار تحریک انصاف کے قریب ہوتے تو ایک ایک امیدوار کو دو،دوبار کیمروں کے سامنے نہ لایا جاتا ۔ہم گزشتہ انتخابات میں خیبر پختوانخواہ میں حکومت بنا سکتے تھے لیکن ہم نے پی ٹی آئی کے مینڈیٹ کو تسلیم کیا ۔

آزادامیدواروں کو جہاز میں بٹھا کر نئے پاکستان کو پرانی ڈگر پر چلانے کی کوشش کی جارہی ہے جس سے 1985ء کے دورکی یاد تازہ ہو گئی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے آزاد امیدواروں سے جھوٹے وعدے کر کے انہیں وزیر اورمشیر بنانے کا جھانسہ دیاجارہاہے ۔ انہوںنے کہا کہ میری ذاتی رائے کے مطابق حمزہ شہبازہی قائد حزب اختلاف یا وزیر اعلی پنجاب ہو سکتے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں