خیبر پختوانخواہ کی طرح پنجاب میں بھی بلدیاتی اداروں کو با اختیار بنایا جائیگا‘ جمشید اقبال چیمہ

عوام کے بہترین مفاد میں قانون سازی پر بھرپور توجہ مرکوز کی جائے گی ‘ مرکزی رہنما پی ٹی آئی

اتوار 12 اگست 2018 15:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2018ء) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ خیبر پختوانخواہ کی طرح پنجاب میں بھی بلدیاتی اداروں کو با اختیار بنایا جائے گا جس کیلئے پہلے سے موجود قانون میں ضروری ترامیم متعارف کرائیں گے ،سابقہ حکومتوں کی طرح حقائق سے چشم پوشی کی بجائے عوام کو تصویر کا صحیح رخ دکھایا جائے گا ، (ن) لیگ والے اپنے دور میںمعیشت کی ترقی کے دعوے کرتے نہیں تھکتے تھے جبکہ حقیقت میں معیشت کی نبض ڈوب رہی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این اے 127کے دفتر میں اہل علاقہ اور کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ ہم نے اس ملک کو آگے لے کر جانا ہے لیکن بد قسمتی سے اپوزیشن کے کچھ رہنما جو ہر حکومت میں اقتدار میں ہوتے ہیں انہیں اپنی شکست ہضم نہیں ہو رہی اور وہ پاکستان کے درپے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ عمران خان برملا کہہ چکے ہیں ہم خود کو احتساب کیلئے پیش کریں گے لیکن اس کے باوجود اپوزیشن کی بے چینی سمجھ سے بالا تر ہے ۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختوانخواہ میں بلدیاتی اداروں ، پولیس ، تعلیم اور صحت کے شعبوںمیں کی گئی اصلاحات کے بہترین نتائج برآمد ہوئے ہیں اور انہیں بتد ریج پنجاب میں بھی متعارف کرایا جائے گا۔ ہم بلدیاتی اداروں کو با اختیار کریں گے جس سے عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوں گے۔ عوام کے بہترین مفاد میں قانون سازی پر بھرپور توجہ مرکوز کی جائے گی اور اس میں اپوزیشن سے مشاورت کو بھی یقینی بنایا جائے گا ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں