اپنی نوعیت کی منفرد "سپلائرزاینڈ وینڈرز ڈیفنس نمائش "سیوڈکس " 16سے 18اگست تک لاہور ایکسپوسنٹر میں منعقد ہوگی، بریگیڈیئر وحید امتیاز،ملک طاہر جاوید

پیر 13 اگست 2018 20:33

لاہور۔13 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2018ء) ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن اور لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے اشتراک سے اپنی نوعیت کی منفرد "سپلائرزاینڈ وینڈرز ڈیفنس نمائش "سیوڈکس " 16سے 18اگست تک لاہور ایکسپوسنٹر میں منعقد ہوگی، یہ بات بریگیڈیئر وحید امتیاز اور لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتائی۔

سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید، کموڈور طارق محمود اور کموڈور طاہر نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ انہوں نے پریس کانفرنس کے شرکاء کو بتایا کہ ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن ، پاکستان کی دفاعی پیداواری صلاحیت کی حامل پبلک اینڈ پرائیویٹ سیکٹر کی انڈسٹری کے فروغ کے لئے پُر عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیوڈکس نمائش پاکستان میں دفاعی مینوفیکچرنگ اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو مضبوط کرنے کے لئے ایک کوشش ہے۔

(جاری ہے)

یہ نمائش دفاعی انڈسٹری، تاجروں، ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ ماہرین، معاشی ماہرین اور پالیسی سازوں کے مابین رابطے کا کام سر انجام دے گی۔ نمائش کے علاوہ ایک سیمینار بھی منعقد کیا جائے گا جس کا مقصد دفاعی صنعت کی ڈومین اور پاکستان کی معاشی ترقی میں اس کے مجموعی کردار کا جائزہ لینا ہے۔ اس سیمینار کا مقصدپبلک اور پرائیویٹ دفاعی صنعت کی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے کے لئے حکومت کو پالیسی سازی کے لئے ہدایات فراہم کرنا ہے۔

اس موضوع پر ماہرین سیمینار میں اظہار خیال کریں گے۔ چیف آف جائنٹ سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات سیوڈکس نمائش کا افتتاح کریں گے ۔ وزراء کابینہ ممبران، سٹینڈنگ کمیٹیوں کے ممبران، بیرونی سفیر، ملٹری کے سینئر ممران، پبلک پرائیویٹ سیکٹر کی دفاعی انڈسٹری سٹیک ہولڈرز، ڈیفنس سپلائرز، وینڈرز، میڈیا اور پاکستان کے مختلف چیمبروں کے ممبران اس ایونٹ میں شرکت کریں گے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں