سیدنا حضرت امام حسینؓ کی مبارک زندگی تاریخ اسلام کا روشن باب ، شہدأ کربلا کی قربانی ہمیں صبر و تحمل کا درس دیتی ہے، حافظ عبدالغفار روپڑی

جمعرات 20 ستمبر 2018 18:31

لاہور۔20 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2018ء) سیدنا حضرت امام حسینؓ کی حیات مبارکہ اسلامی تاریخ کا روشن باب ہے۔ نواسہٴ رسول کی سیرت و کردار سے امت مسلمہ کے قلوب قیامت تک منور ہوتے رہیں گے۔ شہدأ کربلا کی قربانی ہمیں صبر و تحمل کا درس دیتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اہل حدیث پاکستان کے امیر حافظ عبدالغفار روپڑی نے گذشتہ روز جامعہ میں منعقدہ ایک تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ سیدنا حضرت امام حسینؓ کی عظیم قربانی سے ہمیں امن و سلامتی اور صبر و تحمل کا درس ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام صحابہ کرام کا ہر ہر عمل اسلام کے پیغام ’’امن‘‘ کی ترویج کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ سیدنا حضرت امام حسینؓؓ نے بھی اپنی فقید المثال قربانی سے اسلام کے پیغام امن کو زندہ کر دیا اور ان کی بے مثال و لازوال قربانی کو رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس موقع مولانا عبدالوحید روپڑی، مولانا شکیل الرحمن ناصر سمیت جماعت اہلحدیث پاکستان کے دیگر رہنمائوں نے بھی اظہار خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج ہمیں بھی صحابہ کرام کی تعلیمات کو منانے کی بجائے اپنانے کی اشد ضرورت ہے۔ معاشرے کی اصلاح اور ترقی کی راہوں پر گامزن ہونے کیلئے ہمیں تعلیمات صحابہ کا دامن مضبوطی سے پکڑنا ہو گا۔ صحابہ کرام کی عملی زندگی کو نمونہ بنا کر اور ان کی تعلیمات کو اپنا کر ہی پوری دنیا کو سنگین مسائل سے نجات دلائی جا سکتی ہے اور سلامتی کا گہوارہ بنایا جا سکتا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں