ایل ڈی اے نے جوہر ٹائون میں کروڑوں روپے مالیت کی چار کنال کمرشل اراضی واگزار کروالی

قبضہ مافیا کے خلاف پنجاب حکومت کی پالیسی زیر و ٹالرنس ہے ‘ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے آمنہ عمران خان

پیر 8 اکتوبر 2018 19:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اکتوبر2018ء) وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر قیمتی سرکاری اراضی قبضہ گروپوں ‘لینڈ مافیااور غیر قانونی تعمیرات سے واگزار کروانے کے لئے لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے عملے نے جوہر ٹائون سکیم میںکارروائی کر کے ایل ڈی اے کی ملکیتی کروڑوں روپے مالیت کی چار کنال سے زائدکمرشل اراضی واگزار کروالی۔

ایل ڈی اے کے عملے نے جوہر ٹائون کے بلاکK میں شان بھٹی روڈ پر واقع چار چار مرلے کے 12اور آٹھ مرلے کے ایک کمرشل پلاٹ پر غیر قانونی تعمیر شدہ دکانیںاور دیگر تعمیرات مکمل طور پر مسمار کر کے اس ار اضی کا قبضہ حاصل کر لیا ۔یہ13 کمرشل پلاٹ56مرلے اراضی پر واقع تھے اورکسی کو بھی الاٹ نہیں کئے گئے تھے۔باقی ایک کنال سے زائد اراضی پارکنگ کے لئے مختص تھی۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے آمنہ عمران خان نے آپریشن کا جائزہ لینے کے لئے علاقے کا دورہ کیا -اس موقع پرذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ملک بھر میں وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر قبضہ گروپوں کے خلاف یہ مہم جاری ہے جو سرکاری اراضی کو مکمل طور پر واگزار کروانے تک جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ واگزار کروائی جانے والی ا یل ڈ ی اے کی اراضی پر محکمہ کا کیمپ آفس بنا یا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ قبضہ مافیا کے خلاف پنجاب حکومت کی پالیسی زیر و ٹالرنس ہے ۔قبضہ مافیا سے سرکاری اراضی واگزار کروانا حکومت کی اولین ترجیح ہے ‘قبضہ گروپوں کے خلاف آپریشن کر کے حکومتی رٹ بحال کی جارہی ہے ۔آپریشن بلا امتیاز کیا جارہا ہے اور کسی بھی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے عبد الشکور رانا نے ذاتی طور پرآپریشن کی نگرانی کی۔آپریشن میںایل ڈی اے کے شعبہ انفورسمنٹ کی بھاری مشنری اور عملے کے علاوہ ضلعی انتظامیہ ‘پولیس اور دیگر متعلقہ محکموں کی ٹیموں نے حصہ لیا۔ اس موقع پر متعلقہ افسران کے علاوہ پولیس کی بھاری نفری بھی موجود تھی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں