شہرکے داخلی اور خارجی راستوں پر ٹریفک کا دبائو کم کرنے کیلئے قابل عمل تجاویز مرتب کی جائیں گی، ڈی جی ایل ڈی اے

پیر 8 اکتوبر 2018 21:54

لاہور۔8اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اکتوبر2018ء) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی ڈائریکٹر جنرل آمنہ عمران خان نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر لاہور کے داخلی اور خارجی راستوں پر ٹریفک کا دبائو کم کرنے اور گاڑیوں کی آمدورفت میں سہولت پیدا کرنے کے لئے ایل ڈی اے ٹیپا‘نیشنل ہائی وے اتھارٹی ‘موٹر وے پولیس اور لاہور رنگ روڈ اتھارٹی کی باہمی مشاورت سے قابل عمل تجاویز مرتب کر کے منظوری کے لئے پیش کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے آمنہ عمران خان نے گزشتہ روز چیف انجینئر ایل ڈی اے مظہر حسین خان اور دیگر متعلقہ افسران کے ہمراہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی لاہور کے دفتر کا دورہ کیا اور ممبر سنٹرل زون نوید اقبال واہلہ سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر انہیں بتایا گیا کہ ایسٹرن بائی پاس اور لاہور سیالکوٹ موٹروے کے قریبی سیکشن کا تعمیراتی کام تکمیل کے مراحل میں ہے ‘یہ دونوں منصوبے مکمل ہونے سے گوجرانوالہ کی طر ف سے لاہور آنے والی ٹریفک کو خاطر خواہ سہولت حاصل ہوگی۔ موہلنوال کے قریب شاہکام چوک کی توسیع کا منصوبہ زیر غور ہے جس پر عمل درآمد سے ملتان روڈ سے آنے والی ٹریفک کو براستہ ڈیفنس روڈ فیروز پور روڈ تک رسائی حاصل ہو جائے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں