صاف پانی کمپنی کیس ،قمر السلام راجہ ،وسیم اجمل کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع ،نیب کو ریفرنس جلد دائر کرنے کا حکم

بدھ 10 اکتوبر 2018 17:18

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2018ء) احتساب عدالت نے صاف پانی کمپنی کیس میں انجینئر قمر السلام راجہ اور سابق سی ای او صاف پانی کمپنی وسیم اجمل کے جوڈیشل ریمانڈ میں 24اکتوبر تک توسیع کرتے ہوئے قومی احتساب بیورو (نیب ) کو ریفرنس جلد دائر کرنے کا حکم دیدیا ۔ احتساب عدالت کے جج نجم الحسن نے کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

ملزم انجینئر قمر اسلام راجہ پر 84واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کا ٹھیکہ غیر قانونی طورپر مہنگے داموں دینے کا الزام ہے ،ملزم انجینئر قمرالسلام راجہ نے بدنیتی کے ذریعے بڈنگ کے کاغذات میں مالی تخمینہ بڑھا کر ظاہر کیا۔

نیب حکام کے مطابق ملزم نے 102واٹر پلانٹس کا ٹھیکہ بورڈ آف ڈائریکٹر سے منظور کروایا، ٹھیکے کے کاغذات میں بعد ازاں تبدیلیاں بھی کیں،سابق سی ای او ملزم وسیم اجمل پر پراجیکٹ بڈنگ کے بعدغیر قانونی طورپر صاف پانی کمپنی کے کاغذات میں تبدیلیاں کرنیکا الزام ہے ،ملزم کا یہ اقدام پنجاب کیورنمنٹ رولز 2014کی سخت خلاف ورزی ہے۔عدالت نے ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 24اکتوبر تک توسیع کرتے ہوئے نیب کو ریفرنس جلد دائر کرنے کا حکم بھی دے دیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں