کرپشن کسی بھی ملک کی ترقی کی راہ سب سے بڑی رکاوٹ ہے،

سابق حکمرانوں کی کرپشن سے ملک و قومی معیشت متاثر ہوئی، ملک کو کرپشن کی لعنت سے پاک کرنے کیلئے تمام طبقات کو مل کر کام کرنا ہے، عمران خان کی قیادت میں ا یسا نیا پاکستان بنائیں گے جہاں عام آدمی کو عزت واحترام، انصاف ، تعلیم اور صحت کی سہولتیں ملیں گی ، صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال کا تقریب سے خطاب

بدھ 14 نومبر 2018 20:20

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2018ء) صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ کرپشن کسی بھی ملک کی ترقی کی راہ سب سے بڑی رکاوٹ ہے، سابق حکمرانوں کی کرپشن سے ملک اور قومی معیشت متاثر ہوئی، قوم نے جن کو اپنا رہبر سمجھا انہوں نے ہی قومی وسائل کو بے دریغ خرچ کر کے غریب قوم کے بچوں کا حق چھینا، سابق حکمرانوں نے ایک خاص ایجنڈے کے تحت صرف اپنی ذات کیلئے سوچا لیکن ملک وقوم کی بہتری کیلئے کچھ نہیں کیا، جس نے بھی قومی وسائل کو لوٹا ہے انہیں قانون کے کٹہرے میں لانا ہوگا، احتساب سب کیلئے یکساں ہونا چاہیے اور بے رحم احتساب کے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے الحمراء ہال میں قومی احتساب بیورو لاہور کے زیر اہتمام کرپشن کے خاتمے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ڈائریکٹر نیب، ملک کے معروف شعراء اور طلبہ کی بڑی تعداد تقریب میں موجود تھی، صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان نے ہمیں سب کچھ دیا ہے لیکن ہم نے اس وطن کی ترقی کیلئے کچھ نہیں کیا، آج اگر ہمارے پاس منصب ہیں تو یہ اللہ تعالی کے بعد اسی وطن کی مرہون منت ہے، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ہمیشہ انصاف پر مبنی معاشرہ کے قیام کی بات کرتے ہیں اور انہوں نے نئے پاکستان کا تصور علامہ اقبال کی شاعری سے لیا ہے، انہوں نے کہا کہ ہمیں مل کر ملک کیلئے سوچنا ہے اور قومی سوچ کے ساتھ آگے بڑھنا ہے، ملک کو ایسا پاکستان بنانا ہے جس کا خواب علامہ اقبالؒ نے دیکھا تھا اور اسے تعبیر قائداعظمؒ نے دی تھی، صوبائی وزیر نے کہا کہ معاشرے میں کرپشن، بدعنوانی اوررشوت کینسرکی طرح پھیل چکی ہے، جب تک ڈرائنگ روم کرپشن ختم نہیں ہوتی اس وقت تک ملک سے کرپشن کا خاتمہ نہیں ہو سکتا، انہوں نے کہا کہ ملک کو کرپشن کی لعنت سے پاک کرنے کیلئے تمام طبقات کو مل کر کام کرنا ہے، پاکستان ہم سب کا وطن ہے اورہم نے اجتماعی کاوشوں سے اسے ترقی اورخوشحالی کی راہ پر ڈالنا ہے، عمران خان کی قیادت میں ا یسا نیا پاکستان بنائیں گے جہاں عام آدمی کو عزت واحترام، انصاف ، تعلیم اور صحت کی سہولتیں ملیں گی اور کسی کا استحصال نہیں ہوگا، انہوں نے کہا کہ تبدیلی کا عمل اوپر سے شروع ہوتا ہے جب حکمران اپنی سوچ کوقوم کی سوچ سے ہم آہنگ کریں گے تبھی ملک میں حقیقی تبدیلی آئیگی، عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی کی حکومت نے ملک کی ترقی اورتبدیلی کا جوسفرشروع کیا ہے اسے پایہ تکیمل تک پہنچائیں گے، مجھے ایمان کی حد تک یقین ہے کہ پاکستان میں صحیح معنوں میں تبدیلی آئیگی قوم بڑی با صلاحیت ہے ، ہمیں مایوس نہیں ہو نا بلکہ بہادری کے ساتھ حالات کا مقابلہ کرنا ہے اورملک کو صحیح معنوں میں بانیان پاکستان کے تصورات کے مطابق فلاحی ریاست بنانا ہے، ڈائریکٹر نیب سید محمد حسنین نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور کرپشن کے خاتمے کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی، تقریب کے آخر میں صوبائی وزیر نے کرپشن کے خاتمے کے حوالے سے بہترین تقاریر کرنے والے طلبا وطالبات میں سرٹیفکیٹ تقسیم کئے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں