علامہ امداد اللہ قادری کی زیر صدار ت منہاج القرآن علماء کونسل کا اجلاس

کوئٹہ میں دہشتگردی کے واقعہ کی مذمت

جمعہ 19 اپریل 2019 17:44

لاہور۔19 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2019ء) منہاج القرآن علماء کونسل لاہور کے صدور و ناظمین کا اجلاس مرکزی صدر علماء کونسل علامہ امداد اللہ قادری کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں کوسٹل ہائی وے بلوچستان دہشتگردی کے المناک واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔علامہ امداد اللہ قادری نے کہاکہ دہشتگرد اسلام اور انسانیت کے دشمن ہیں ان کا ایجنڈا ذاتی اورمالی مفادات کیلئے بے گناہوں کا خون بہانا ہے۔

انہوں نے کہاکہ دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کیلئے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد تیز کیا جائے اور علمائے کرام اتحاد بین المسلمین کو فروغ دیں۔اجلاس میں رمضان المبارک کی بابرکت ساعتوں کو علمی،روحانی،اخلاقی تربیت کا ذریعہ بنانے کیلئے ملک گیر خصوصی دروس قرآن شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کو او آئی سی اجلاس میں متفقہ امن بیانیہ پیش کرنے پر خراج تحسین پیش کیا گیا اور امن عالم کیلئے ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی خدمات کا اعتراف کرنے پر او آئی سی کا شکریہ ادا کیا گیا۔

ناظم منہاج القرآن علماء کونسل میر آصف اکبر نے کہا کہ رمضان المبارک کی آمد آمد ہے،دوکاندار،تاجر جائز منافع وصول کر کے اللہ کی خوشنودی حاصل کریں،رمضان المبارک میں مصنوعی مہنگائی کرنے والے روزہ داروں کی بدعاؤں اور اللہ کی ناراضگی سے بچیں۔علامہ میر آصف اکبر نے کہا کہ تمام مسالک کے علماء رمضان المبارک میں امن،محبت،رواداری،احترام انسانیت کے موضوعات پر خطاب کریں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام کی تعلیمات ہر قسم کے تعصب،نفرت کے خاتمے کیلئے ہیں،علمائے کرام دلوں کو جوڑیں،نفرتیں پھیلانے والوں سے امت مسلمہ کو بچائیں۔اجلاس میںعلامہ غلام اصغر صدیقی،علامہ سید امداد شاہ،علامہ خلیل حنفی،مولانا محمد عامر چشتی ،مولانا عثمان سیالوی،مولانا محمد کبیر، مولانا غلام نبی قادری، مولانا حنیف طاہر، پیر عنائت سیفی، مولانا عبد الخالق باروی، مولانا غلام محمد عطاری اور مولانا رؤف فاروقی نے شرکت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں