صوبائی وزیرمحنت و انسانی وسائل نے پنجاب کے تمام اضلاع میں ری ہیبلیٹیشن سنٹرز قائم کرنے کا اعلان کر دیا

سوشل سکیورٹی ہسپتالوں میں ری ہیبلیٹیشن سنٹر زقائم کئے جائیں گے،صنعتی و تجارتی مراکز پر مزدوروں کی حفاظت اور صحت کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہے‘صوبائی وزیر انصر مجید خان

جمعرات 25 اپریل 2019 17:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2019ء) صوبائی وزیرمحنت و انسانی وسائل انصر مجید خان نے پنجاب کے تمام اضلاع میں ری ہیبلیٹیشن سنٹرز قائم کرنے کا اعلان کر دیا۔ری ہیبلیٹیشن سنٹرز قائم کرنے کا بنیادی مقصدصنعتی اداروں سے خارج ہونے والے دھوئیں سے جنم لینے والی بیماریوں کا پتہ لگانا ہے۔سوشل سکیورٹی ہسپتالوں میں ری ہیبلیٹیشن سنٹر زقائم کئے جائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیرمحنت و انسانی وسائل نے جمعرات کو مقامی ہوٹل میں ’’ورلڈ ڈے فار سیفٹی اینڈ ہیلتھ ایٹ ورک 2019‘‘ کے عنوان پر منعقدہ سیمینار میں بطور مہمان خصوصی شرکت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر صوبائی سیکرٹری لیبر سارہ اسلم،ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر سہیل شہزاد، ڈی جی فیصل نثارو دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیرمحنت و انسانی وسائل پنجاب انصر مجید خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ صنعتی و تجارتی مراکز پر مزدوروں کی حفاظت اور صحت کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہے۔

محکمہ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر افسران و اہلکاران کو ہمیشہ سراہا جائے گا۔حکومت مزدوروں کو بنیادی حقوق دلوانے کیلئے انتہائی سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔ پورے محکمہ کو آٹومیشن پر لے کر جانا جدت کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ روزمرہ زندگی میں محنت کشوں کے کردار کو کبھی فراموش نہیں کیاجاسکتا۔ صوبائی وزیر نے مزیدکہاکہ پنجاب کے صنعتی اداروں میں مزدوروں کیلئے جلدصحت سوشل ہیلتھ کارڈز متعارف کروا رہے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے مزدوروں کی فلاح و بہبود کیلئے خصوصی ہدایات دی ہیں۔صنعتی اداروں کو مزدوروں کو زیادہ سہولیات دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔ محکمہ محنت و انسانی وسائل نے اپنا پہلے 100دن کا ہدف کامیابی سے حاصل کیا ہے۔ صوبائی کابینہ سے پنجاب ورکرز ویلفیئر فنڈ کے قیام کی منظوری بھی گیم چینجر ثابت ہوگی۔ لیبر انسپکٹرز کو اپنے متعلقہ علاقہ جات میں تمام صنعتی اداروں کے محنت کشوں کو رجسٹر کرنے کا ٹاسک دیاگیا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں