سوئی ناردرن گیس کمپنی لاہور ریجن کی ٹیم کاگیس چوروں کیخلاف کریک ڈائون ،35گھروں کا جعلی نیٹ ورک پکڑ لیا

ہفتہ 24 اگست 2019 23:54

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اگست2019ء) سوئی ناردرن گیس کمپنی لاہور ریجن کی یو ایف جی کی ٹیم نے گیس چوروں کیخلاف کریک ڈائون کر کے 35گھروں کا جعلی نیٹ ورک پکڑ لیا ۔چیف انجینئر عمران صفدر ورک اور ڈپٹی چیف انجینئر بلال اصغر کی نگرانی میں ٹیم گیس چوری کے خلاف ملنے والی خفیہ اطلاع پر گزشتہ روز ستوکتلہ واپڈا ٹائون میں چھاپہ مارا ۔

جہاں سوئی گیس کمپنی کی مین سپلائی لائن سے کٹ لگا کر بائی پاس کے ذریعے بڑے پیمانے پر گیس چوری کی جا رہی تھی ۔

(جاری ہے)

چھاپہ کے دوران 35گھروں کا جعلی نیٹ ورک پکڑا گیا ۔گیس چور مافیا بائی پاس کے ذریعے جعلی طریقہ سے پلاسٹک کے پائپوں کے ذریعے 35گھروں کو گیس سپلائی کر رہے تھے جس میں گیس چور مافیا ہر گھر سے ہزاروں روپے ماہانہ بل بھی وصول کر رہے تھے ۔بائی پاس اور پلاسٹک کے سپلائی پائپ لائنوں کو بھی قبضہ میں لے لیا گیا ۔سوئی گیس حکام کے مطابق بائی پاس کے ذریعے گیس چوری کرنے کے دوران گیس کمپنی کو لاکھوں روپے ماہانہ نقصان پہنچایا جا رہا تھا ۔گیس چوروں کے خلاف مقدمے کے اندراج کے لئے تھانہ ستوکتلہ میں درخواست جمع کروا دی گئی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں