سول ایوی ایشن اتھارٹی کو نو ماہ میں 18ارب 20کروڑ روپے سے زائد کی آمدن

مالی سال کے اختتام تک اس میں مزید 4سے 5ارب روپے اضافے کا تخمینہ ہے

ہفتہ 21 ستمبر 2019 22:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2019ء) سول ایوی ایشن اتھارٹی کو رواں مالی سال کے پہلے نو ماہ میں 18ارب 20کروڑ روپے سے زائد کی آمدن حاصل ہوئی جبکہ مالی سال کے اختتام تک اس میں مزید 4سے 5ارب روپے اضافے کا تخمینہ ہے ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق نئی ایوی ایشن پالیسی کی وجہ سے اتھارٹی کے ریونیو میں بھی اضافہ ہونے لگا ہے ،پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرنے میں غیر ملکی ایئرلائنوں کی پروازوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ۔

یومیہ 1300سے زائد پروازیں پاکستان کی فضائی حدود میں اوور فلائنگ کرتی ہیں ،ایسٹ اور ویسٹ سے بھی پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرنے والی غیر ملکی ایئرلائنیں شامل ہیں۔کراچی ریجن سے 1000سے زائد پروازیں فضائی حدود استعمال کرتی ہیں جبکہ لاہور ریجن سے 300سے زائد پروازیں فضائی حدود کا استعمال کر رہی ہیں ،اسی طرح اسلام آباد ،پشاور اور سیالکوٹ ایئرپورٹ سے بھی پروازوں کا گزرنا اور لینڈنگ ٹیک آف ہونا شامل ہے۔

(جاری ہے)

سول ایوی ایشن کو اوور فلائنگ کی مد میں رواں سال کے 9ماہ کے دوران18ارب 20کروڑ روہے سے زائد کا ریونیو حاصل ہوا جبکہ باقی تین ماہ میں مزید 4 سے 5ارب روپے کا ریونیو حاصل ہونے کا تخمینہ ہے ۔بتایا گیا ہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کو اوور فلائنگ، ایروناٹیکل چارجز،لینڈنگ اور ٹرمینل چارجز کی مد میں مجموعی طور اب تک 77ارب روپے حاصل ہوچکے ہیں ۔اتھارٹی کو دیگر ٹیکسزاور ڈیوٹی کی مد میں بھی 12ارب روپے کاریونیو حاصل ہوا ہے ۔سول ایوی ایشن اتھارٹی نے مالی سال 2018-19میں مجموعی طور پر89ارب روپے کا ریونیو حاصل کیا تھا جبکہ رواں مالی سال میں ریونیو میں 4 سے 5 ارب روپے اضافے کا امکان ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں