میٹرو اورنج ٹرین منصوبہ ، درختوں کی کٹائی کیخلاف درخواست کی سماعت، کینال روڈ پرلیسکو کو تاحکم ثانی ٹرانسمیشن لائن بچھانے سے روک دیا گیا

پیر 17 فروری 2020 20:30

لاہور۔17 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2020ء) لاہور ہائیکورٹ نے میٹرواورنج ٹرین منصوبے کے نام پر درختوں کی کٹائی کے خلاف درخواست پر کینال روڈ پرلیسکو کو تاحکم ثانی ٹرانسمیشن لائن بچھانے سے روک دیا۔لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس مامون رشید شیخ نے کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزارنے کہا کہ لیسکو نے میٹروٹرین منصوبے کوبجلی کی سپلائی کے نام پرغیر قانونی طو ر پردرخت کاٹ لئے۔

عدالتی استفسار پر محکمہ جنگلات کے افسر نے کہا کہ منصوبے میں رکاوٹ کا با عث بننے والے 64درختوں کوکاٹا گیا،جس پرعدالت نے سخت اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبے بناتے وقت درختوں کے تحفظ کا کیوں نہیں سوچاجاتا،پیسے درختوں کا متبادل کیسے ہوسکتے ہیں،درخت کسی ادارے کی ملکیت نہیں بلکہ ہم سب کے ہیں، دنیا بھرمیں زیرزمین بجلی کی لائنیں بچھائی جاتی ہیں یہاں درخت کاٹ دیے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

عدالت نے لیسکو کو تاحکم ثانی ٹرانسمیشن لائن بچھانے سے روکتے ہوئے پی ایچ او کو کاٹے گئے درخت بھی اٹھانے سے روک دیا۔عدالت نے محکمہ جنگلات کا جواب مسترد کردیا۔عدالت نے محکمہ جنگلات، پی ایچ اے اور دیگر فریقوں سے تحریری جواب طلب کرلیا۔عدالت نے ڈی جی پی ایچ او کو آئندہ سماعت پرذاتی حیثیت میں طلب کرلیا،سرکاری وکیل نے منصوبے پر کام نہ روکنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ اورنج ٹرین کی ریڑھ کی ہڈی ہے،جس پر عدالت نے کہا کہ لیسکواوردیگرمحکمے آج ہی جواب لے آئیں توعدالت اپنا حکم سنا دے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں