چیف سیکرٹری نے موسم بہار کی شجر کاری مہم کا افتتاح کر دیا

پیر 24 فروری 2020 23:28

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 فروری2020ء) چیف سیکرٹری پنجاب میجر (ر) اعظم سلیمان خان نے سول سیکرٹریٹ کے سبزہ زار میں آم کا پودا لگا کر موسم بہار کی شجر کاری مہم کا آغاز کر دیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے درخت لگانا وقت کا اہم تقاضا ہے، شجر کاری کیساتھ ساتھ پودوں کی دیکھ بھال کا بھی مناسب انتظام کیا جائے۔

انہوں نے محکمہ تعلیم، مواصلات و تعمیرات اوربلدیات کو شجر کاری مہم کو کامیاب بنانے کیلئے خصوصی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ شجر کاری مہم کو کامیاب بنانے میں عوام کا تعاون نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے سیکرٹری جنگلات کو ہدایت کی کہ شجر کاری کی اہمیت اور درختوں کے فوائد بارے آگاہی مہم شروع کی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے حکم دیا کہ تمام انتظامی افسران اپنے اپنے اضلاع میں شجر کاری مہم کو کامیاب بنانے کیلئے اقدامات کریں۔

سیکرٹری جنگلات کیپٹن (ر) محمد آصف نے چیف سیکرٹری پنجاب کو شجر کاری کے سلسلے میں حکومت پنجاب کے اہداف بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ موسم بہار کی شجر کاری مہم کے دوران پنجاب میں 10کروڑ پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے،6کروڑ80لاکھ پودے سرکاری جنگلات، 4کروڑ محکمہ دفاع، 2کروڑ دیگر سرکاری محکموں کی زمینوں جبکہ 2کروڑ50لاکھ پودے نجی زمینوں پر لگائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 2019میں مون سون شجر کاری مہم کے دوران مقررہ ہدف 90لاکھ سے 20لاکھ زائد پودے لگائے گئے۔ اس موقع پر چیئرمین پلاننگ اینڈڈویلپمنٹ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، تمام محکموں کے ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز اور متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں