پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ میں گلگت بلتستان کی35 کمپیوٹرآپریٹرز کی 40روزہ ٹریننگ مکمل

پنجاب پولیس پیشہ ورانہ تربیت کے علاوہ گلگت بلتستان پولیس کو جدید پولیسنگ کے تمام سافٹ وئیرز بھی فراہم کرے گی‘ ڈی آئی جی آئی ٹی

جمعہ 15 جنوری 2021 23:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جنوری2021ء) ڈی آئی جی آئی ٹی وقاص نذیر نے کہاہے کہ جدید پولیسنگ اور سروس ڈلیوری میں بہتری کے مد نظر ڈیزائن کردہ پنجاب پولیس کے سافٹ وئیرز دیگر صوبوں کیلئے بھی قابل تقلید ہیںاور پنجاب پولیس ان سافٹ وئیرز کی ورکنگ کے حوالے سے دیگر صوبوں کی پولیس فورسز کو پیشہ ورانہ تربیت کے ساتھ ساتھ یہ سافٹ وئیرز بھی فراہم کر رہی ہے تاکہ وہ بھی انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ان جدید پروگرامز سے مستفید ہوکر پولیسنگ کے معیار کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ شہریوں کوہر ممکن سہولت دے سکیں ۔

انہوں نے مزیدکہاکہ گلگت بلتستان کے کمپیوٹر آپریٹرز نے پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ میں سافٹ وئیرز کی ورکنگ کے حوالے سے جو تربیت حاصل کی ہے اس سے نہ صرف ان کی مجموعی ورکنگ میں بہتری آئے گی بلکہ عوام کی جان و مال کے تحفظ اور خدمت خلق کا عمل مزید بہتر ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزیدکہاکہ ٹریننگ حاصل کرنیو الے یہ 35کمپیوٹر آپریٹرز اپنے اضلاع میں جاکر دیگر سٹاف کو پیشہ ورانہ تربیت فراہم کریں گے اور پولیس ورکنگ کے نظام کی جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی پر منتقل ہونے کا عمل مزید تیز ہوجائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ میں گلگت بلتستان پولیس کے 35کمپیوٹر آپریٹرز کی تربیت مکمل ہونے پر منعقدہ تقریب میںبطور مہمان خصوصی شرکت کے بعد خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ کمانڈنٹ پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ ڈی آئی جی شہزادہ سلطان نے تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چالیس روزہ ٹریننگ میں کمپیوٹر آپریٹرز کو پنجاب پولیس کے زیر استعمال جدید سافٹ وئیرز بشمول پولیس اسٹیشن ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم ،کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم ،ہیومن ریسورس مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم ، کریمنل ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم ، ہوٹل آئی ،کرایہ داری اندراج سسٹم ،پولیس خدمت مراکز،ڈرائیونگ لائسنس انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم اورپولیس خدمت مراکز گلوبل پورٹل کی ورکنگ بارے بہترین پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی گئی ہے جبکہ ٹریننگ کے ساتھ ساتھ عملی مہارت کیلئے مختلف دفاتر جیساکہ تھانہ جات ڈی آئی جی آپریشن لاہور آفس،سنٹرل پولیس آفس،پنجاب سیف سٹی اتھارٹی آفس، پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈکے وزٹس کروائے گئے تاکہ زیر تربیت افسران عملی مہارتوں سے پوری طرح خود کوآراستہ کرسکیں اور پیشہ ورانہ طور پر کامیاب پروفیشنل بن کر اپنے علاقوں میں جا کر پولیس سسٹم کی اپ گریڈیشن میں نمایاں کردار ادا کریں ۔

انہوںنے مزیدکہاکہ پولیس فورس کی تربیت و راہنمائی کیلئے ٹریننگ کالج چوہنگ ہر ممکن اقدامات کا سلسلہ جاری رکھے گا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ ٹریننگ کالج چوہنگ میں گلگت بلتستا ن سے آئے 35افسران کا پہلا بیج چالیس روز کی تربیت مکمل کرنے کے بعد پاس آئوٹ ہوا ہے ۔ٹریننگ کورس سات دسمبر کو شروع ہوااورTOTکے تمام مراحل طے کرتاآج مکمل ہوا ہے جس میں زیر تربیت افسران کو پنجاب پولیس کے زیر استعمال آئی ٹی سافٹ وئیرزبارے تفصیلی تربیت دی گئی ۔ اختتامی تقریب میں ڈی پی او سکردو اسحا ق حسین ،ایس پی ایڈمن طارق عزیزاور کورس کمانڈر سی ایل آئی خالد سعید سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں