راوی اربن ڈویلپمنٹ منصوبے کے تحت 60لاکھ نئے درخت لگائیں جائیں گے‘ایس ایم عمران

منصوبہ تین مراحل میںمکمل کیاجائے گا،10ہزار ایکڑ رقبہ فاریسٹ آرچرڈ کے لئے مختص ہوگا‘ترجمان راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی

پیر 18 جنوری 2021 20:38

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2021ء) راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ترجمان ایس ایم عمران نے کہا ہے کہ ماحول کو بہتر بنانا ہی راوی اربن ڈویلپمنٹ منصوبے کی اصل بنیاد ہے۔اس منصوبے کی ضرورت ہی دریائے راوی کے آبی ماحول کو بہتر بنانے کے لئے پیش آئی ہے تاکہ دریاکے پانی کو محفوظ کرکے آئندہ نسلوں کی پانی اور خوراک کی ضروریات پوراکرنے کے ساتھ ساتھ ماحول کو بھی بہتر بنایا جا سکے۔

وہ گزشتہ روز وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان اور راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے چیئر مین راشد عزیز کے ہمراہ ایک پریس کانفرس سے خطاب کر رہے تھے۔ ایس ایم عمران نے کہاکہ یہ ایک انتہائی اہم منصوبہ ہے۔یہاں ماحول بہتر بنانے کے لئے نئے شہر میں60لاکھ پودے لگائے جائیں گے اور10ہزار ایکڑ رقبہ فاریسٹ آرچرڈ کے لئے مختص ہوگا۔

(جاری ہے)

یہاں ایک ایکوسٹی بنایاجائے گا اور پہلے سے موجود پھلوں کے باغات اسی کے اندر ضم کردیئے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ پراجیکٹ ایریا میں دو بڑے جنگل جھوک ریزروفاریسٹ اور شاہدرہ ریزروفاریسٹ موجود ہیں جن کی سات ہزار ایکڑ اراضی ابھی خالی ہے ۔ اس اراضی پر آٹھ سے 10ہزار تک فی ایکڑ درخت لگائے جائیں گے۔ اس کے علاوہ زراعت کے فروغ کے لئے اربن فارمز بھی متعارف کروائے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ یہ منصوبہ تین مراحل میںمکمل کیاجائے گا۔ پہلے مرحلے میں دریا کے دونوں طرف28فٹ دیواریں تعمیر کی جائیں گی اور تین بیراج بنائے جائیں گے ۔یہاں پانی اکٹھا کرکی46کلومیٹر طویل جھیل بنائی جائے گی اور پانی ضائع ہونے سے بچایا جا سکے گا۔یہ پانی دریا کے ساتھ ساتھ 340کلومیٹر کے علاقے میں آبپاشی کی ضروریات کے لئے استعمال کیاجا سکے گا۔ انہوںنے کہا کہ اس جھیل کے قیام سے لاہور میں زیر زمین پانی کی سطح میں بہتری آئے گی ۔ اس کے علاوہ یہاں سات واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ بھی لگائے جائیں گے جن کے ذریعے روزانہ 836کیوسک سیوریج کا پانی ٹریٹ کر کے دریا میں ڈالاجائے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں