موٹرویز اور دیگر قومی شاہراہوں پر نافذ ٹریفک جرمانوں میں اضافہ کر دیا گیا

آئندہ سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر موٹر سائیکل سواروں سے 1500 روپے، کاروں اور بڑی گاڑیوں کے ڈرائیورز سے ہزاروں روپے جرمانہ وصول کیا جائے گا

muhammad ali محمد علی جمعہ 21 جنوری 2022 20:25

موٹرویز اور دیگر قومی شاہراہوں پر نافذ ٹریفک جرمانوں میں اضافہ کر دیا گیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 جنوری2022ء) موٹرویز اور دیگر قومی شاہراہوں پر نافذ ٹریفک جرمانوں میں اضافہ کر دیا گیا، آئندہ سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر موٹر سائیکل سواروں سے 1500 روپے، کاروں اور بڑی گاڑیوں کے ڈرائیورز سے ہزاروں روپے جرمانہ وصول کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق موٹروے اینڈ ہائی وے پولیس کی جانب سے قومی شاہراہوں پر ٹریفک نظام کو بہتر انداز میں چلانے اور حادثات روکنے کیلئے سخت اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

موٹروے پولیس کی جانب سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں میں ملوث ڈرائیورز پر عائد جرمانوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ نجی ٹی وی چینل ہم نیوز کی رپورٹ کے مطابق آئندہ سے موٹروے اور دیگر قومی شاہراہوں پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی میں ملوث ہونے پر موٹر سائیکل سواروں پر 1500 روپے، کار ڈرائیور پر 2500 روپے، ایچ ٹی وی کیلئے 5 ہزار روپے اور پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں کیلئے 10 ہزار روپے جرمانہ ہو گا۔

(جاری ہے)

موٹروے پولیس کے مطابق قومی شاہراہوں پر ہلکی گاڑیوں کی زیادہ سے زیادہ رفتار کی حد 120 کلومیٹر فی گھنٹہ اور بھاری گاڑیوں کے لئے 110 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر ہے۔ اس کے علاوہ پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں پر جائز حد سے زائد مسافروں کو سوار کروانے پر بھی پابندی عائد ہے۔ جائز حد سے زیادہ مسافروں کو لے جانے والی پبلک ٹرانسپورڑ کی گاڑیوں پر 5 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

موٹر ویز یا شاہراہوں پر بغیر ہیلمٹ کے موٹر سائیکل چلانے والوں کیخلاف ہر صورت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ جبکہ آئندہ سے بنا لائسنس کے کسی بھی قومی شاہراہ پر ڈرائیونگ کرنے والے افراد کیخلاف بھی سخت ایکشن لیا جائے گا۔ بغیر لائسنس ڈرائیونگ کرنے والے موٹر سائیکل سواروں، کاروں اور ایل ٹی وی ڈرائیوروں پر 5ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ جبکہ ایچ ٹی وی اور پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں کے ڈرائیوروں پر بنا لائسنس ڈرائیونگ کرنے پر 10ہزار روپے جرمانہ عائد ہو گا۔ شہریوں کو تلقین کی گئی ہے کہ قومی شاہراہوں پر ڈرائیونگ کرتے وقت تمام ٹریفک قوانین کا احترام کرتے ہوئے ان پر ہر صورت عمل کریں۔

میں شائع ہونے والی مزید خبریں