آئی جی پنجاب کا ٹریفک پولیس کے لیے تاریخی اقدام/وارڈنز اور انسپکٹرز کی جلد پروموشن کرنے کا حکم

ٹریفک پولیس کے مختلف رینکس پر نئی سیٹیں منظور کرانے اور مجموعی طور پر 4700 سیٹوں پر بھرتیاں کرنے کا پراسس شروع کرنے کا حکم

جمعرات 19 مئی 2022 23:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2022ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب رائو سردار علی خان نے کہا ہے کہ میرٹ اور سنیارٹی کے مطابق محکمانہ ترقی ہر پولیس افسرو اہلکار کا بنیادی حق ہے جو اسے بلا تاخیر دیا جائے گا۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ شاہرات پر خدمات سر انجام دینے والے ٹریفک وارڈنز پنجاب پولیس کے انتہائی اہم فورس ہے جن کی بہترین ویلفیئر اور محکمانہ ترقیوں کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔

رائو سردار علی خان نے ہدایت کی کہ وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز کی خصوصی ہدایات پر ٹریفک وارڈنز اور انسپکٹرز کی ترقیوں کا عمل جلد مکمل کیا جائے۔ انہوں نے ٹریفک وارڈنز اور انسپکٹرز کی جلد پروموشن کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ اے سی آرز کی تکمیل کے ساتھ ساتھ پروموشن بورڈ اجلاسوں کو باقاعدگی سے منعقد کرکے ترقی کے اہل افسران و اہلکاروں کو انکا حق فی الفور دیا جائے ۔

(جاری ہے)

آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان نے کہاکہ ٹریفک پولیس کے جوان سخت گرمی میں اپنے فرائض پوری تندہی سے سر انجام دے رہے ہیں، ان جفاکش جوانوںکی ویلفیئر کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ٹریفک وارڈنز ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے اور شہریوں کی سہولت کے لیے پوری دلجمعی سے کام کریں۔یہ ہدایا ت انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میںٹریفک پولیس کے سروس سٹرکچر کی بہتری بارے اجلاس کی صدارت کے دوران جاری کیں ۔

اجلاس میں ڈی آئی جی ٹیلی اینڈ ٹرانسپورٹ اورچیف ٹریفک آفیسر لاہور، منتظر مہدی نے ٹریفک وارڈنز کے سروس سٹرکچر میں ترامیم بارے آئی جی پنجاب کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ پنجاب بھر میں 295 ٹریفک وارڈنز کو سینئر ٹریفک وارڈنز کے عہدے پر ترقی دی جائے گی جبکہ70 سینئر ٹریفک وارڈنز کو ڈی ایس پی ٹریفک کے عہدے پر ترقی دی جائے گی۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ ٹریفک پولیس کے سروس سٹرکچر میں بہتری لانے سے فورس کا مورال بہتر ہو گا لہذا اس پراسس کو بلا تاخیر مکمل کیا جائے ۔

رائو سردار علی خان نے ٹریفک پولیس کے مختلف رینکس پر نئی سیٹیں منظور کرانے اور مجموعی طور پر 4700 سیٹوں پر بھرتیاں کرنے کا پراسس شروع کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ خالی آسامیوں پر بھرتی کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ اجلاس میں ٹریفک ڈسٹرکٹ سیالکوٹ کو سٹی ٹریفک پولیس سیالکوٹ کا درجہ دینے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ ٹریفک پولیس کو ڈیپوٹیشن پر موٹروے، پی ایچ پی، ٹریننگ سنٹرز اور دیگر منتحب اداروں پر بھیجنے کی سفارش پر بھی غور کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ، علی عامر ملک، ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر، فاروق مظہر، ڈی آئی جی ٹیلی اور سی ٹی او لاہور، منتظر مہدی نے شرکت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں