آئی جی پنجاب کا لاہور میں فائرنگ سے شہید ہونے والے کانسٹیبل کمال احمد کو خراج عقیدت

منگل 24 مئی 2022 22:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2022ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤوسردار علی خان نے لاہور میں فرائض کی ادائیگی کے دوران فائرنگ سے شہید ہونے والے کانسٹیبل کمال احمد کی لازوال قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔کانسٹیبل کمال احمد کی نماز جنازہ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں ادا کی گئی جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہاز شریف، آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان،سی سی پی او لاہوربلال صدیق کمیانہ، ڈی آئی جی آپریشنزکیپٹن (ر)سہیل چوہدری، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کامران عادل، سی ٹی او لاہورمنتظر مہدی سمیت دیگر پولیس افسران اور اہلکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کےجسد خاکی کو خراج تحسین پیش کیا۔پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں وزیر اعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب نے شہیدکے بیٹے اور اہل خانہ سے بھی ملاقات کی۔

(جاری ہے)

آئی جی پنجاب نے کانسٹیبل کمال احمد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کانسٹیبل کمال احمدکی فرض شناسی کو محکمہ پولیس اور پاکستانی قوم کبھی فراموش نہیں کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ کانسٹیبل کمال احمدنے فرض کی راہ میں شہادت کا بلند رتبہ حاصل کیا ہے، بحیثیت سربراہ پنجاب پولیس کانسٹیبل کمال احمد کی فیملی کی بہترین ویلفیئر میری اولین ترجیح ہے اور زندگی کی کسی موڑ پر کمال احمد کے اہل خانہ کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ آئی جی پنجاب نے سی سی پی او لاہور سے کانسٹیبل کمال احمد شہید پر فائرنگ کے واقعہ کی رپورٹ بھی طلب کرلی۔را ؤسردار علی خان نے ہدایت کی کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف بلا امتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور شہید کے لواحقین کو انصاف کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں