وزیر تعلیم کاامتحانی سنٹر پر چھاپہ،4پرائیویٹ انویجیلیٹرز،2سنٹر انچارج سمیت 8افرادگرفتار

جمعرات 28 مارچ 2024 22:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2024ء) وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے اپنی خفیہ ٹیم کی نشان دہی پر سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ ہائی سکول مزنگ پر چھاپہ مارا جہاں انہوں نے نقل کرتے طلبہ کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا، پورے سنٹر میں سنٹر انچارج اور انویجیلیٹرز کی نگرانی میں نقل کی جا رہی تھی۔ترجمان کے مطابق وزیر تعلیم نے سخت ایکشن لیتے ہوئے ایس ایس پی آپریشنز اور متعلقہ پولیس حکام کو موقع پر طلب کر لیا جنہوں نے 4 پرائیویٹ انویجیلیٹرز اور 2 سنٹر انچارج سمیت 8 افراد کو گرفتار کر لیا۔

رانا سکندر حیات نے اپنی نگرانی میں سنٹر سیل کروایا۔اس موقع پر امتحان دینے والے طلبہ وزیر تعلیم کے سامنے پھٹ پڑے اور نگران عملہ کے خلاف شکایات کے انبار لگا دیئے ، امیدواروں نے وزیر تعلیم کو بتایا کہ انویجیلیٹرز کا نعرہ "پیسے دو پاس ہو جائو" ہے۔

(جاری ہے)

سنٹر کے 500 سے زائد طلبہ نے سنٹر انچارج اور انویجیلیٹرز کے خلاف گواہی دی اور بتایا کہ پیپر کے 30 ہزار اور ایم سی کیوز کے 20 ہزار مانگے جا رہے تھے۔

وزیر تعلیم نے کہا کہ امتحانات میں نقل ناقابل برداشت ہے،طلبہ کے مستقبل سے کھیلنے والوں کی ہر صورت حوصلہ شکنی کی جائے گی، خفیہ ٹیمیں صوبہ بھر میں موجوداور ہر سنٹر سے باخبر ہیں، کسی بھی شکایت کی صورت میں فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔چیئرمین لاہور بورڈ نے بھی معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا حکم دے دیا اور کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے تین روز میں رپورٹ طلب کر لی ہے۔

صوبائی وزیر نے سرکاری سکولوں اور امتحانی مراکز کے سرپرائز دوروں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے دیو سماج اور لارنس روڈ سمیت دیگر علاقوں کے سرکاری سکولوں کا بھی اچانک دورہ کیا اور امتحانی عمل کا مشاہدہ کیا۔ انہوں نے طلبہ سے سہولیات اور عملہ کے رویہ بارے میں دریافت کیا۔ صوبائی وزیر نے طالبعلموں کے پرچے بھی دیکھے اور خود ان کی چیکنگ کی۔

رانا سکندر حیات نے بعض سکولوں میں طلبہ کیلئے غیر معیاری انتظامات پر انتظامیہ کی سرزنش اور دور دراز سے آنے والی طالبات کی حوصہ افزائی بھی کی۔ انہوں نے طلبہ سے سکولوں سے متعلقہ مسائل بارے بھی استفسار اور بہتری کی تجاویز پر ان کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر طلبہ کو تعلیم کی معیاری سہولیات دینے کیلئے ہنگامی اقدامات کئے جا رہے ہیں، اس ضمن میں طلبہ کی جانب سے ملنے والے مشوروں کو بھی نظرانداز نہیں کیا جائے گا۔

رانا سکندر حیات نے طلبا و طالبات کو یقین دلایا کہ ان کے سکولوں کی بہتری اور مناسب سہولیات کی فراہمی کیلئے آخری حد تک جائیں گے۔ صوبائی وزیر نے امتحانات دینے والے طلبہ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار اور انہیں کامیابی کیلئے دعا بھی دی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں