پنجاب میں پراونشنل انفورسمنٹ اتھارٹی کے قیام کی منظوری ، ہر ضلع اورتحصیل میں انفورسمنٹ اتھارٹیزقائم ہوں گی

منگل 23 اپریل 2024 12:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2024ء) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب میں پراونشنل انفورسمنٹ اتھارٹی کے قیام کی منظوری دے دی۔ پنجاب کے ہر ڈسٹرکٹ اورتحصیل میں بھی انفورسمنٹ اتھارٹیز قائم کی جائیں گی۔صوبائی انفورسمنٹ اتھارٹی کی سربراہی چیف سیکرٹری کریں گے،ڈی جی بھی تعینات ہوگا۔ ڈسٹرکٹ انفورسمنٹ اتھارٹی،ڈپٹی کمشنر جبکہ تحصیل انفورسمنٹ اتھارٹی کا سربراہ اے سی ہوگا۔

انفورسمنٹ اتھارٹیز سرکاری اراضی پر قبضوں سمیت دیگر سپیشل ٹاسک سرانجام دیں گی۔ایوان وزیر اعلیٰ کے ترجمان کے مطابق وزیر اعلی مریم نواز شریف کی زیر صدارت انفورسمنٹ اتھارٹی کے قیام سے متعلق منگل کو اجلاس منعقدہوا۔ اجلاس میں صوبائی ڈسٹرکٹ اورتحصیل کی سطح پر انفورسمنٹ اتھارٹی کے قیام کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

وزیراعلی مریم نوازشریف نے انفورسمنٹ اتھارٹی کے قیام کیلئے قانون سازی کا عمل فوری شروع کرنے کی ہدایت کی۔

انفورسمنٹ اتھارٹیز کے قیام کیلئے11 قوانین، رولز اور آرڈیننس میں ترامیم کی سفارشات پیش کی گئیں۔ وزیر اعلی مریم نواز شریف نے منظوری دے دی۔ انفورسمنٹ اتھارٹی کو پرائس کنٹرول، سرکاری زمینوں پر قبضہ، تجاوزات اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف کارروائی کے اختیارات ہوں گے۔ تحصیل انفورسمنٹ یونٹ کے زیر نگرانی تحصیل کی سطح پر پولیس سٹیشن اور سپیشل فورس قائم کی جائے گی۔

تحصیل انفورسمنٹ اتھارٹی میں یونٹ انچارج، انوسٹی گیشن آفیسرز، انفورسمنٹ آفیسرز اور کانسٹیبل تعینات ہوں گے۔ تحصیل انفورسمنٹ یونٹ کو قانون پر عملدرآمد کے علاوہ مقدمہ درج کرنے، تحقیقات اور گرفتاری کے اختیارات بھی حاصل ہوں گے۔ مانیٹرنگ کے لئے صوبائی انفورسمنٹ اتھارٹی اور ڈسٹرکٹ انفورسمنٹ اتھارٹی کے دفاتربھی قائم کئے جائیں گے۔وزیر اعلی مریم نواز شریف نے انفورسمنٹ اتھارٹیزکو6 ماہ میں فنکشنل کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، سینیٹر پرویز رشید، صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین، وزیر اطلاعات و ثقافت عظمی بخاری، وزیر زراعت محمد عاشق حسین، ایم پی اے ثانیہ عاشق،چیف سیکرٹری، سیکرٹریز زراعت، خزانہ اور دیگر حکام نے شرکت کی۔\932

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں