ڈاکٹر فریاد حسین نے ایم ایس جنرل ہسپتال کے عہدہ کا چارج سنبھال لیا

ایسو سی ایٹ پروفیسر آف پیڈیاٹرک میڈیسن ڈاکٹر فریاد حسین میڈیکل کی 2 کتابوں کے مصنف بھی ہیں

جمعرات 25 اپریل 2024 18:22

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2024ء) پنجاب حکومت کی منظوری کے بعد محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے ایسوسی ایٹ پروفیسر آف پیڈیاٹرک میڈیسن ڈاکٹر فریاد حسین کو میڈیکل سپرنٹنڈنٹ لاہور جنرل ہسپتال تعینات کر نے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔انہوں نے اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھال لیں ہیں۔ ڈاکٹر فریاد حسین پیڈیاٹرک میڈیسن کے شعبے میں درس و تدریس کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں جبکہ وہ میڈیکل کی دو کتابوں کے مصنف بھی ہیں۔

انہوں نے ایل جی ایچ تعیناتی کے دوران امراض بچگان کے شعبے کی ترقی کے لئے خدمات سر انجام دیں جس سے بچوں کے علاج معالجے میں مزید بہتری آئی۔ ڈاکٹر فریاد حسین نے طبی تحقیق کے شعبے میں گراں قدر کام سر انجام دیا، انہوں نے 25تحقیقی مقالہ جات پیش کیے جنہیں ملکی و غیر ملکی سطح پر خوب پذیرائی ملی۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ ڈاکٹر فریاد حسین کو ینگ ڈاکٹرز کی تعلیم و تربیت کے لئے پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ میں 12سائنٹفک سمپوزیم اور 200 تربیتی ورکشاپ کرانے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

ڈاکٹر فریاد حسین نے بطور ایم ایس گورنمنٹ ٹیچنگ ہسپتال شاہدرہ میں کامیاب اننگز کھیلیں،ہسپتال کی کارکردگی کو بہتر بنانے اورمریضو ں کی فلاح و بہبود کے لئے بے شمار اقدامات اٹھائے جن میں مفت ادویات کی فراہمی سر فہرست ہے جنہیں محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام اور عوام نے بے حد سراہا۔ اس سلسلے میں صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے ڈاکٹر فریاد حسین کو شاباش دی اور تعریفی اسناد سے بھی نوازا گیا۔ڈاکٹر فریاد حسین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ جنرل ہسپتال میں بطور ایم ایس تعیناتی کو بھی یادگار بنائیں گے اور ادارے کو سٹیٹ آف دی آرٹ انداز میں چلانے کے لئے اپنی صلاحیتیں برؤئے کار لائیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں