کسانوں سے گندم کی خریداری سرکاری ریٹ کے مطابق کی جائے : میاں رشید منہالہ کسان بورڈ پاکستان کا کسان دشمن پالیسیوں کیخلاف پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ

جمعرات 25 اپریل 2024 22:46

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اپریل2024ء) کسان بورڈ پاکستان کا کسان دشمن پالیسیوں کے خلاف پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ احتجاجی مظاہرے میں سینکڑوں کسانوں نے شرکت کی۔ احتجاجی مظاہرے کی قیادت میاں رشید منہالہ نے کی۔ اس موقع پر انہوںنے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم ، وزیر اعلیٰ پنجاب اور چیف جسٹس آف پاکستان کسانوں پر ظلم کا نوٹس لیں۔

کسان دشمن مافیا کو نشان عبرت بنانے کے لئے عملی اقدامات کئے جائیں۔ کسانوں سے گندم کی خریداری سرکاری ریٹ کے مطابق کی جائے ۔کھاد بلیک کرنے والوں، جعلی زرعی ضروریات بنانے والوں اور ذخیرہ اندوزوں کو عبرت ناحق سزائیں دی جائیں۔ بجلی پٹرول اور ڈیزل سستا کیا جائے جب پاسکو کے پاس پرانی گندم کا سٹاک اور بروکرز کے پاس بھی گندم موجود تھی۔

(جاری ہے)

توپھر 31 مارچ کو گندم مہنگے داموں کیوں امپورٹ کی۔ 32 لاکھ 20 ہزار ٹن گندم امپورٹ کر کے کسانوں کی پیٹھ میں چھرا گھونپا گیا۔جب پتہ تھا کہ اپریل میں پاکستانی گندم مارکیٹ میں ہوگی اس کے باوجودباہر سے 5500 روپے فی من گندم منگوا کر کسانوں کا معاشی قتل کیا گیا اور ملکی خزانے کو بھاری نقصان پہنچایا ۔گندم امپورٹ کرنے کے لیے ان کے پاس پیسے ہیں لیکن اپنے ملک کے کسانوں سی3900 میں بھی خریدنے کو تیار نہیں۔

چوروں کے ٹولے نے اپنے کمیشن کے لیے غریب کسانوں کو جیتے جی مار ڈالا۔ مہنگے داموں گندم امپورٹ کر کے ملکی خزانے کو نقصان پہنچانے والے کرپٹ ٹولے کو نشان عبرت بنایا جائے۔ کسان بورڈ پاکستان کے زیر اہتمام پورے پنجاب میں احتجاجی مظاہرے کئے جارہے ہیں۔ اگر ہمارے مطالبات نہ مانے گئے تو پنجاب اسمبلی اور وزیر اعلیٰ ہائوس کا گھیرائو کریں گے اور گندم کو آگ لگا کر احتجاج ریکارڈ کروائیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں