ایسے تعلیمی ادارے بنائیں گے جہاں طلبہ بلا تفریق تعلیم حاصل کریں‘ وزیر تعلیم

ہراسمنٹ جیسے واقعات کے تدارک کیلئے شکایت پورٹل بنا رہے ہیں‘ رانا سکندر حیات وزیر تعلیم کا فیصل آباد میں مصروف ترین دن، ایجوکیشن اتھارٹی کے ذمہ داران سے ملاقات

ہفتہ 27 اپریل 2024 23:31

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2024ء) وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے فیصل آباد میں مصروف ترین دن گزارا۔ انہوں نے گورنمنٹ پاکستان ماڈل ہائی سکول کا دورہ کیا جہاں عمارت کے مختلف تاریخی حصوں کا مشاہدہ کیا اور تدریسی و انتظامی امور پر بریفنگ لی۔ کمشنر آفس میں مختلف اجلاسوں کی صدارت کے علاؤہ ایجوکیشن اتھارٹی کے ذمہ داران اور مقامی ایم پی ایز و دیگر سیاسی شخصیات سے بھی ملاقات کی۔

اس موقع پر وزیر تعلیم نے کہا کہ شعبہ تعلیم کی ترقی اولین ایجنڈا ہے جس کے لئے دوررس نتائج کے حامل اقدامات کررہے ہیں۔ انہوں نے ایجوکیشن افسران کو اپنی اپنی ذمہ داریوں کا ادراک کرنے اور سکولوں کے دورہ جات کو معمول بنانے کی ہدایت کی۔ قبل ازیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تاریخی عمارات کی تزئین و بحالی کے ساتھ ساتھ اس ورثے کو محفوظ کرنا بہت ضروری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم ایسے تعلیمی ادارے بنانا چاہتے ہیں جس میں تمام طلباء بلا تفریق تعلیم حاصل کریں اور باہم رواداری کو فروغ ملے۔ ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ سکولوں میں اساتذہ کی بہت زیادہ کمی ہے گذشتہ چھ سال سے ایک بھی استاد بھرتی نہیں کیا گیا اور اب ہماری حکومت ترجیحی بنیادوں پر اساتذہ کی دستیابی کے لئے ہنگامی اقدامات کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کا ویژن پڑھا لکھا اور معیاری تعلیم کا حامل پنجاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکولوں میں ہراسمنٹ جیسے واقعات کے تدارک کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ اس ضمن میں شکایت سیل اور پورٹل بنایا جا رہا ہے جس میں ہراسمنٹ سے متعلق شکایات درج ہونگی اور ملوث عناصر کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ میڈیا نمائندگان کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے رانا سکندر حیات نے کہا کہ جن سکولوں میں تاحال کتابیں دستیاب نہیں ہو سکیں وہاں کتابوں کی دستیابی یقینی بنانے کے لئے ہنگامی اقدامات کئے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم اسی سال بوٹی مافیا کا خاتمہ کردیں گے تاکہ لائق طلباء وطالبات کو ان کا حق مل سکے۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ میرٹ پر سی ای او ایجوکیشن لگانے کے لئے ٹیسٹ سسٹم متعارف کرایا جارہا ہے اور یہ عمل میرٹ کے اصولوں کی سخت پابندی کرتے ہوئے کیا جائے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں