کاہنہ میں دیرینہ دشمنی کی آڑ میں 2افراد کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا ، ملزمان موقع سے فرار

سالوں سے دشمنی چل رہی تھی ،کاشی گروپ کی فائرنگ سے دوکان میں بیٹھے امتیاز اور محمود موقع پر دم توڑ گئے مقتولین کے لواحقین ،مقامی تاجروں کا احتجاج ،لاشیں رکھ کر فیروز پور روڈ کو بلاک کر دیا ،ملزمان کی گرفتاری کے لئے ٹیمیں تشکیل

ہفتہ 27 اپریل 2024 23:31

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2024ء) لاہور کے علاقہ کاہنہ میں دیرینہ دشمنی کی آڑ میں 2افراد کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا اور ملزمان موقع سے فرار ہو گئے ، مقتولین کے لواحقین اور مقامی تاجروں نے احتجاج کرتے ہوئے لاشیں رکھ کر فیروز پور روڈ کو بلاک کر دیا ، پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد ملزمان کی گرفتاری کے لئے ٹیمیں تشکیل دیدیں ۔

بتایا جاتا ہے کہ 4سالوں سے رانا برادری کے درمیان دشمنی چل رہی تھی ،چار سال قبل مین فیروزپور روڈ گجو متہ پر رانا برادری ، چاچا ذات بھائی رانا امتیاز اور رانا کاشی کے درمیان معمولی تلخ کلامی پر فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا ،جس پر رانا کاشی سمیت تین افراد موقع پر جاں بحق ہو گئے تھے ۔ ہفتہ کے روز کاشی گروپ کے دو گاڑیوں پر سوار نامعلوم افراد آئے اور گجومتہ صوا کے قریب ایک ٹینٹ سروس کی دوکان میں بیٹھے امتیاز اور محمود پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس پر دونوں موقع پر ہی دم توڑ گئے ۔

(جاری ہے)

واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس کی نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کیے ۔ مقامی تاجروں اور مقتولین کے لواحقین نے واقعہ کے خلاف فیروز پور روڈ پر احتجاج کیا اور لاشیں سڑک پر رکھ کر فیروز پور روڈ کو بلاک کر دیا۔احتجاج کے باعث ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا اور گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کے حوالے سے معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔کا ہنہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر دونوں ڈیڈ باڈیز کو پوسٹ مارٹم کے لیے جنرل ہسپتال منتقل کر دیا ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں