آسمانی بجلی گرنے سے خوشاب اور کامونکی میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے ،ترجمان

ہفتہ 27 اپریل 2024 22:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2024ء) ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ روز آسمانی بجلی گرنے سے خوشاب اور کامونکی میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے، اس طرح پنجاب میں آسمانی بجلی گرنے سے اموات کی مجموعی تعداد 26 ہو گئی ،جبکہ تحصیل روجھان میں آسمانی بجلی گرنے سے شریف نامی شہری جاں بحق ہوا۔ ترجمان کے مطابق حالیہ بارشوں سے 7 گھر اور 1 سکول جزوی طور پر متاثر ہوئے۔

مختلف مقامات پر پرانی عمارتوں کے گرنے سے 3 شہری جاں بحق اور 9 زخمی ہوئے جبکہ 7 ہزار 863 ایکڑ اراضی پر فصلیں بھی متاثر ہوئی ہیں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے متعلقہ اضلاع کے ڈی سیز سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اورزخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے گزشتہ روز راجن پور میں آسمانی بجلی سے زخمی 3 سکول طلبا کی خیریت بھی دریافت کی۔

(جاری ہے)

عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کی مالی معاونت کی جائے گی، انسانی جانوں کے ضیاع پر بے حد افسوس ہے،قدرتی آفات کا مقابلہ مل کر اور باہمی تعاون سے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو سمیت تمام ادارے الرٹ رہیں۔ وزیر اعلی ٰپنجاب کی واضح ہدایات ہیں کہ کوتاہی یا غیر ذمہ داری برداشت نہیں کی جائے گی۔ عوام سے درخواست ہے کہ خراب موسم میں محفوظ مقامات پر رہیں اورغیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں