سپیشل بچوں کے لئے خصوصی ایکٹویٹی روم بنائے جائیں گے،لاہور میں 26کنال پر مشتمل سنٹر آف ایکسیلینس بنایا جائیگا، وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف

جمعرات 9 مئی 2024 20:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2024ء) وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ہر ضلع میں سپیشل ایجوکیشن سنٹر آف ایکسی لینس بنانے کی منظوری دے دی ہے ۔وزیر اعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کے اجلاس میں پہلے فیز میں 14 اضلاع میں سنٹر آف ایکسی لینس کے لئے651 ملین فنڈز کی منظوری دیدی گئی۔اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پہلے فیز میں رواں سال12 سپیشل ایجوکیشن سنٹرز کو مکمل ری ویمپ کیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ مریم نوا ز شریف نے کہا کہ بچوں کے لئے ان ڈور اور آوٹ ڈور پلے ایریا بنایا جائے گا۔سپیشل بچوں کے لئے انٹرنیشنل سٹینڈر کے مخصوص واش روم بنائے جائیں گے۔سی سی وی ٹی کیمرے کے ذریعے سیکرٹری آفس میں ڈیش بورڈ پر لائیو مانیٹرنگ کی جائے گی۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ بسوں میں ٹریکرز کے ذریعے بچوں کی آمدورفت کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔

سپیشل بچوں کے لئے خصوصی ایکٹویٹی روم بنائے جائیں گے۔سپیشل ایجوکیشن کے سکولوں کا بجٹ سکول ایجوکیشن سے الگ کر دیا گیا ہے۔وزیر اعلی مریم نواز نے خصوصی بچوں کیلئے تربیت یافتہ ٹیچنگ سٹاف بھرتی کرنے کا حکم دیا اور وزیر خزانہ کو سپیشل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو مطلوبہ فنڈز جاری کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ لاہور میں 26 کنال پر خصوصی بچوں کیلئے سنٹر آف ایکسی لینس بنایا جائے گا۔

حکومتی پالیسیوں کی بدولت پنجاب میں مہنگائی36 فیصد سے کم ہوکر17 فیصد پر آ گئی ہے۔ ماضی میں حکومت پیسے دے کر عوام کیلئے اشیا مہنگی کرتی رہی ہے۔اجلاس میں دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کا تعین کرنے کے لئے ایمیشن این ای لائزرکے لئے فنڈز کی منظوری دے دی گئی۔اپر مال پر کمشنر ہائوس کے قیام کے لئے فنڈز کی منظوری بھی دی گئی۔کابینہ کمیٹی نے محکمہ مال کے سیٹلمنٹ اینڈ ری ہیبلی ٹیشن ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن کیلئے فنڈز اور سی ٹی ڈی کو جدید سیکورٹی آلات کی خریداری کیلئے فنڈز کی منظور ی دیدی۔

فیلڈ ہسپتالوں کیلئے سپلیمنٹری گرانٹ اورکلینک آن ویلزپروگرام کیلئے فنڈز منظورکر لیے گئے۔کابینہ کمیٹی نے وزیر اعلیٰ روشن گھرانہ پروگرام کے لئے فنڈز کی منظوری دے دی جس کے تحت 100 یونٹ پروٹیکٹڈ صارفین کو سولر سسٹم دیا جائے گا۔وزیر اعلیٰ مریم نواز نے گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی میں سٹیٹ آف دی آرٹ کمپیوٹر لیب کیلئے فنڈز کی منظوری دی۔

گاڑیوں کی ریٹرو ریفلکٹو نمبر پلیٹس کیلئے فنڈز کی منظوری دی گئی۔وزیر اعلیٰ مریم نواز نے پانچ ماہ میں نمبر پلیٹس کا بیک لاگ ختم کرنے کا حکم دے دیا۔انٹرنیشنل انڈر گریجویٹ سکالرشپ اور لوکل سکالرشپ پروگرام کی منظوری دی گئی۔چولستا ن میں2500 قبل مسیح کے گنویری والہ گاوں آرکیالوجی ایکسی ویشن کیلئے 20 ملین روپے کے فنڈز کی منظوری بھی دی گئی۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب،صوبائی وزرا عظمیٰ زاہد بخاری،مجتبیٰ شجاع الرحمٰن،چیف سیکرٹری،آئی جی پولیس،سیکرٹریزاور دیگر حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں