ٹ*70ہزار سرکاری آسامیاں ختم کرنے کی تجویز تشویشناک ہے : جاوید قصوری

حکمران اگر کفایت شعاری چاہتے ہیں تو آغاز اپنی مراعات ، پروٹوکول اور شاہانہ طرز حکومت کا خاتمہ کر کے کریں، امیر جماعت اسلامی پنجاب

اتوار 26 مئی 2024 18:45

0لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 مئی2024ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کفایت شعاری کمیٹی کی جانب سے وفاقی حکومت کو گریڈ 1سے 16تک کی70ہزار سرکاری آسامیاں ختم کرنے کی تجویزکو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر حکمران حقیقی معنوں میں کفایت شعاری اختیار کرنا چاہتے ہیں تو اس کا آغاز اپنی مراعات ، پروٹوکول اور شاہانہ طرز حکومت کا خاتمہ کر کے کریں۔

عوام پہلے ہی غربت کے ہاتھوں تنگ اور بے روزگاری کا شکار ہیں۔ سالانہ پا نچ ہزار ارب روپے کی کرپشن کے خاتمے کے لئے کفایت شعاری کمیٹی کی خاموشی معنی خیز ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں ہونے والی کرپشن ملکی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے ۔انسداد بد عنوانی کے لئے قائم اداروں میں موجود کالی بھیڑیں کرپٹ عناصر کی آلہ کار ہیں ،ان کے خلاف سخت ترین ایکشن لینے کی ضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

پاکستان سے ہر سال ایک ہزار ارب روپیہ ہنڈی کے ذریعے بیرون ملک چلا جاتا ہے اور ادارے خواب خرگوش میں مصروف ہیں۔ بد قسمتی یہ ہے کہ کرپٹ افراد کیسے کرپشن کا خاتمہ کر سکتے ہیں، ان سے نجات حاصل کرنا ہوگی ۔ انہوں نے کہاکہ نیشنل ہائی ویز اتھارٹی نے یکم جولائی سے ٹول ٹیکس میں 30فیصد اضافے کا اعلان کر کے عوام پر مہنگائی بم گرا دیا ہے ، پہلے ہی پٹرول کی قیمتوں میں کمی کے با وجود ٹرانسپوٹروں نے کرایوں میں کمی نہیں کی جبکہ رہی سہی کسر نیشنل ہاویز اتھارٹی کے اس اقدام نے پوری کر دی ہے ۔

یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے ملک کے اندر حکومت نام کی کوئی چیز نہیں جس کا دل کرتا ہے وہ قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کرکے عوام کو لوٹنا شروع کر دیتا ہے ۔محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ملک میں جنگل کا قانون رائج ہے ۔ جو جتنا بڑا چور ،ڈاکو اور لیٹرا اس کے پاس اتنا ہی بڑا عہدہ ہے ۔ جن لوگوں کی جگہ جیل ہونی چاہئے وہ اسمبلیوں میں بیٹھ کر قوم کی تقدیر کے فیصلے کر رہا ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں